عیسائی نمائندوں کی وزیر داخلہ محمود علی سے نمائندگی ، فلم ساز کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 30۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی کمیشن کے نائب صدرنشین بی شنکر لوکے اور رکن محمد ارشد علی خاں کی قیادت میں عیسائی طبقہ کے ایک نمائندہ وفد نے آج وزیر داخلہ محمد محمود علی سے ملاقات کی ۔ انہوں نے عیسائی طبقہ کے جذبات کو مجروح کرنے والی فلم کی نمائش روکنے اور خاطیوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ عیسائی نمائندوں نے شیو شکتی تنظیم کے کروناکر سگنا کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جنہوں نے عیسائی طبقہ کے خلاف فلم تیار کی ہے۔ بی سیامسن جوائنٹ سکریٹری کرسچن میناریٹی ویلفیر کمیٹی اور دیگر قائدین نے وزیر داخلہ کو بتایا کہ یوٹیوب پر فلم کی نمائش کی جارہی ہے جس میں عیسائی طبقات کے جذبات کو مجروح کیا گیا ۔ عیسیٰ مسیح کو توہین آمیز انداز میں دکھایا گیا جو کہ بائبل کے خلاف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فلم کے مکالمے بھی قابل اعتراض ہیں۔ فلم کے ذریعہ عیسائی طبقہ کے خلاف عوام کو بھڑکانے کی کوشش کی گئی ہے جس کے نتیجہ میں عیسائیوں اور ان کے مذہبی رہنماؤں کے خلاف تشدد کا خطرہ ہے۔ یہ صورتحال امن و ضبط کو بگاڑ سکتی ہے۔ کروناکر سگنا مخالف عیسائی کتابوں اور سوشیل میڈیا پر مخالف عیسائی ویڈیوز کی پیشکشی کیلئے شہرت رکھتے ہیں۔ عیسائی قائدین نے قانون کے مطابق کارروائی کا مطالبہ کیا ۔