عید ہدایت و توفیق الٰہی کی شکر گزاری، انعامات حق تعالیٰ کی احسان شناسی کا دن

آئی ہرک کا تاریخ اسلام اجلاس ، ڈاکٹر حمید الدین شرفی اورپروفیسر حسیب الدین حمیدی کے خطابات
حیدرآباد ۔17؍جون( پریس نوٹ) اللہ تعالیٰ کے کلام جلیل قرآن کریم میں آیا ہے کہ بے شک جو پاک و صاف ہوا وہ با مراد ہوا اور اپنے رب کا نام لے کر نماز پڑھی۔ یہ بھی فرمان حق تعالیٰ ہے کہ اگر تم احسان مانو اور شکر ادا کرو تو میں تمہیں اور زیادہ دوں گا۔ رمضان مبارک کے فرض روزے، قیام رمضان یعنی تراویح، سحور و افطار، ذکر و تسبیح کا مشغلہ، اس ماہ مبارک میں قرآن پاک کا نزول،آخری عشرہ کی طاق راتوں میں شب قدر کا واقع ہونا، اس ماہ میں قیام کے باعث پچھلے گناہوں کا معاف کیا جانا، صدقات نافلہ، خیر خیرات کا سلسلہ، فریضہ زکوٰۃ کی ادائیگی، رمضان شریف میں ابواب رحمت کا واہونا، دوزخ کے دروازوں کا بند ہو جانا، سرکش شیاطین کا پابہ جولاں کر دیا جانا، اوقات صوم میں اکل و شرب و جماع سے پرہیز اور پورے ماہ مبارک میں تمام ظاہری گناہ اور جملہ باطنی گناہوں سے بری ہونا اور اجتناب کرنا، رزق میں کشادگی، اول رحمت، درمیان مغفرت اور آخر رمضان نجات کا مژدہ، نماز تراویح میں قرآن پاک کی تلاوت و سماعت و نیز صدقہ فطر کی ادائیگی،راتوں میں صلوٰۃ اللیل اور نماز تہجد کا اہتمام و پابندی کا حکم دیا گیا ہے ایسے پہلو ہیں جو انعامات الٰہیہ سے عبارت ہیں ان پر خوشی و مسرت کا اظہار،

ان کا خوب چرچا کرنا اور شکر نعمت میں نماز پڑھنا واجب ہے، عید کا دن اسی سے معنون و مخصوص ہے۔ عید منانا احسان شناسی اور اظہار شکر کااجتماعی موقع ہے۔ علماء کرام اور دانشور حضرات نے آج صبح 9 بجے ’’ایوان تاج العرفاء حمیدآباد‘‘ واقع شرفی چمن،سبزی منڈی اور 11.30بجے دن جامع مسجد محبوب شاہی ، مالاکنٹہ روڈ،روبرو معظم جاہی مارکٹ میں اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل (انڈیا) آئی ہرک کے زیر اہتمام ’’1307 ‘‘ ویں تاریخ اسلام اجلاس کے موقع پر منعقدہ موضوعاتی مذاکرہ ’’عید اور مابعد ہماری ذمہ داریاں‘‘میں حصہ لیتے ہوے ان خیالات کا مجموعی طور پر اظہار کیا۔ مذاکرہ کی نگرانی ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک نے کی۔پروفیسر سید محمد حسیب الدین حمیدی جائنٹ ڈائریکٹر آئی ہرک نے کہا کہ ماہ رمضان میں اللہ تعالیٰ کی نازل کردہ نعمتوں میں سب سے عظیم قرآن کریم ہے جو رسول اللہ ؐ کے سینہ اطہر پر نازل فرمائی گئی۔ قرآنی تعلیمات و ہدایت سارے انسانوں کی فلاح و بہبود کے لئے عام ہیں۔ عید اور مابعد عید جو ذمہ داریاں اہل ایمان و سعادت پر عائد ہوتی ہیں وہ نئی نہیں ہیں بلکہ ایک پکے سچے مخلص مسلمان کا سال بھر اور زندگی بھر معمول ہوتا ہے۔ مولانا مفتی سید محمد سیف الدین حاکم حمیدی کامل نظامیہ نے اپنے مقالہ میں کہا کہ ما بعد عید الفطر ہماری ذمہ داریوں میں ہمیشہ کی طرح نماز پنجگانہ کی با جماعت ادائیگی، قرآن پاک کی تلاوت پر مداومت، قرآن پاک کے ارشادات کا سمجھنا،حلال روزی پر اکتفاء اور اسراف اور فضول خرچی سے اپنے آپ کو روکنا ہے۔ صاحبزادہ سید محمد علی موسیٰ رضا حمیدی نے کہا کہ ریا نمود و نمائش سے گریز، اخلاق حسنہ کی روشنی سے اپنے کردار کو تابناک بنانا اور ایسے ہی خیر و فلاح کے لا تعداد پہلوئوں کو اختیار کرنا ۔نگران مذاکرہ ڈاکٹرسید محمد حمید الدین شرفی نے اپنے مقالہ میں کہا کہ قرآن حکیم نے عید کی حقیقت کو اس طرح واضح کیا ہے کہ بندہ ہر حال میں اپنے خالق و معبود حقیقی سے رجوع رہے اور عبادت کے ذریعہ اپنے مولیٰ کی کبریائی کا اقرار کرتا رہے۔