عید گاہ میر عالم اور عید گاہ مادنا پیٹ میں نماز عیدالفطر کے انتظامات مکمل

صبح 10 بجے نماز عید،مصلیوں کیلئے پینے کے پانی کا خصوصی انتظام، صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم کی ہدایت
حیدرآباد۔/15جون، ( سیاست نیوز) عیدگاہ میر عالم اور عید گاہ مادنا پیٹ میں نماز عیدالفطر کے انتظامات تقریباً مکمل کرلئے گئے ہیں۔ صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم نے دونوں عید گاہوں میں مؤثر انتظامات کیلئے عہدیداروں کی ٹیم متعین کردی جس نے دن رات کاموں کی نگرانی کرتے ہوئے انتظامات کی تکمیل کی ہے۔ عید گاہ میر عالم اور مادنا پیٹ کے انتظامات کیلئے 7 لاکھ روپئے منظور کئے گئے۔ عید گاہ میر عالم کے انتظامات کے سلسلہ میں نئے کنٹراکٹر کو کام کے الاٹمنٹ کے سبب عہدیداروں کو شخصی طور پر نگرانی کرنی پڑی۔ عید گاہ کے اندرونی حصہ میں شامیانوں کی تنصیب اور جائے نمازوں کو بچھانے کا کام مکمل ہوچکا ہے اور لاؤڈ اسپیکر کا انتظام عید گاہ کے باہر دوردراز کے علاقوں تک رہے گا۔ عیدالفطر کے موقع پر مصلیوں کی صفیں عید گاہ کے باہر مین روڈ پر دونوں جانب اور تاڑبن کے اندرونی حصہ میں پھیل جاتی ہیں۔ صدر نشین وقف بورڈ نے مجلس بلدیہ کو صحت و صفائی کے انتظامات کی ہدایت دی اور ڈپٹی کمشنر بلدیہ کی نگرانی میں عہدیداروں کی ٹیم متعین کی گئی ہے۔ واٹر ورکس کی جانب سے مصلیوں کیلئے صاف پینے کے پانی کا انتظام کیاجارہا ہے۔ عید گاہ میں مختلف مقامات پر پانی سربراہی کے مراکز قائم کئے جارہے ہیں۔ بارش کے امکانات کو دیکھتے ہوئے احتیاطی اقدامات کئے گئے۔ کنٹراکٹر کو پابند کیا گیا کہ انتظامات میں کوئی بھی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ عید گاہ میر عالم اور مادنا پیٹ دونوں میں نماز عیدالفطر صبح 10 بجے مقرر ہے۔ عید گاہ میرعالم میں حافظ و قاری محمد رضوان قریشی خطیب مکہ مسجد نماز اور خطبہ کے فرائض انجام دیں گے۔ نماز سے قبل مولانا محمد سیف اللہ ( جامعہ نظامیہ ) اور مولانا حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ کے خطابات ہوں گے۔ عید گاہ جانے والے راستوں پر ٹریفک کا رخ دوسری جانب موڑ دیا گیا ہے۔ بسوں اور لاریوں کے علاوہ دیگر خانگی گاڑیوں کو اجازت نہیں رہے گی۔ صرف مصلیوں کی گاڑیوں کو داخلہ کی اجازت ہوگی اور عید گاہ سے پہلے پارکنگ کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم نے عہدیداروں کے ساتھ عید گاہوں کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مختلف محکمہ جات کو پابند کیا کہ انتظامات کے سلسلہ میں انہیں جو ذمہ داری تفویض کی گئی ہے اس کی تکمیل میں کوئی کوتاہی نہ کریں۔ عید گاہ کے باہری حصہ میں پولیس اور وقف بورڈ کا خصوصی شامیانہ نصب کیا جائے گا ۔ توقع ہے کہ کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار مسلمانوں کو عید کی مبارکباد پیش کرنے کیلئے موجود رہیں گے۔ صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم نماز عیدالفطر عید گاہ میں ادا کریں گے۔