نئی دہلی ۔ یکم ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : شاہی امام مسجد فتح پوری دہلی مفتی محمد مکرم احمد نے آج جمعۃ الوداع کے موقع پر خطاب میں مسلمانوں سے اپیل کی کہ آخر عشرہ کے باقی ایام کو شب و روز کی عبادت ذکر و تلاوت میں گزاریں اور خوب دعائیں کریں ۔ قرآن سرچشمہ ہدایت ہے جو بنی نوع انسانی کیلئے نازل کیا گیا ہے، اس کے پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے ۔ عید کی چاند رات بالخصوص دعا کی قبولیت کی رات ہوتی ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ عید کے موقع پر غرباء و مساکین کی امداد میں کوتاہی نہ کریں ۔ شاہی امام نے مرکز اور ریاستی حکومتوں سے اپیل کی کہ شرپسند عناصر کی شرارتوں پر گہری نظر رکھی جائے ۔