تیز رفتار کار نے ٹکر دیدی ۔ دیگر حادثات میں بھی دو افراد ہلاک
حیدرآباد ۔ 19 ؍ جولائی ( سیاست نیوز) ونستھلی پورم علاقہ میں پیش آئے ایک سڑک حادثہ میں عید کے دن دو نوجوان ہلاک ہوگئے ۔ پولیس کے بموجب پندرہ سالہ طالب علم محمد فصیح الدین ساکن ممتاز کالونی مادنا پیٹ اپنے ساتھی محمد عزیز سمیر ساکن اولڈ ملک پیٹ کے ہمراہ موٹر سیکل پر جا رہا تھا کہ اچانک تیز رفتار کار نے انہیں ٹکر دے دی ۔ اس حادثہ میں دونوں نوجوانوں کو دواخانے منتقل کیا گیا جہاں پر زخموں سے جانبر نہ ہوسکے ۔ پولیس نے نوجوانوں کی نعشوں کو دوخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا جہاں بعد پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالہ کیا ۔سب انسپکٹر ونستھلی پورم مسٹر سیدلو نے بتایا کہ پولیس نے اس سلسلہ میں کار ڈرائیور کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور اس کی گرفتاری کے لئے کوششیں جاری ہیں ۔ گولکنڈہ پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آئے ایک اور سڑک حادثہ میں گولکنڈہ موتی دروازے کے کا ساکن 12 سالہ کم عمر طالب علم محمد احمد سڑک عبور کرنے کے دوران حادثہ کا شکار ہوگیا تھا اور وہ فوت ہوگیا ۔ پولیس گولکنڈہ نے بتایا کہ محمد احمد کو ٹکر دینے والے موٹر سیکل سوار کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں ۔ بلارم پولیس کے بموجب 23 سالہ احمد شاہ ساکن سلطان شاہی جو اپنے دوستوں کے ہمراہ موٹر سیکل پر جا رہا تھا اچانک حادثہ کا شکار ہوگیا جس میں اس کی موت واقع ہوگئی ۔احمدشاہ کے دیگر ساتھی اس حادثہ میں زخمی ہوگئے ۔ متوفی نوجوان کے رشتہ داروں نے الزام عائد کیا کہ احمد شاہ کو منصوبہ طریقہ سے ہلاک کیا گیا ہے اور پولیس اس حادثہ کی تفصیلی تحقیقات کرے ۔ بلارم پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا اور تحقیقات جاری ہیں۔