ملک کے سیکولرازم پر فخر ، چیلنجس سے نمٹنے آپسی اتحاد پر زور ، دہلی میں عید ملن تقریب سے سیاسی قائدین کا خطاب
دہلی ۔ 23 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : سی پی ایم کے رکن پارلیمنٹ محمد سلیم نے عید و تہواروں کو ہندوستانی تہذیب و تمدن کا اٹوٹ حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ملک کے سیکولرازم پر ہمیں فخر ہے ۔ ملک کو کئی چیلنجس کا سامنا ہے ۔ آپسی اتحاد و بھائی چارگی کے ذریعہ سے ہی اس کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے ۔ صدر آل انڈیا مینارٹیز فورم و انڈیا عرب فرینڈ شپ فاونڈیشن جابر پٹیل کی صدارت میں دہلی کے آئی ٹی سی موریہ ہوٹل میں منعقدہ ’ عید ملن ‘ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے سابق نائب صدر جمہوریہ ہند محمد حامد انصاری مرکزی وزراء ڈاکٹر ہرش وردھن ، رام ولاس پاسوان ، رام داس اٹھاولے ، ڈپٹی اسپیکر لوک سبھا تھمبی درائے قائد اپوزیشن راجیہ سبھا غلام نبی آزاد سابق مرکزی وزراء رحمن خاں ، پی چدمبرم ، سبوت کانت سہائے ، صدر این سی پی شردپوار ، سی پی ایم کے قومی جنرل سکریٹری سیتارام ایچوری ، صدر راشٹریہ لوک دل اجیت سنگھ ، سینئیر قائد شردیادو ، جناب عامر علی خاں ، وزیر داخلہ تلنگانہ این نرسمہا ریڈی ، قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل محمد علی شبیر ، صدر آل انڈیا کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ ندیم جاوید نے شرکت کی ۔ محمد سلیم نے کہا کہ ’مذہب نہیں سکھاتا آپس میں بیر رکھنا ‘ ہندوستان کئی مذاہب و ذات پات کے ماننے والوں کا ملک ہے ۔ ملک کے دستور نے سماج کے تمام ماننے والوں کو مکمل اختیارات دئیے ہیں ۔ مگر موجودہ ماحول میں ملک کے دستور پر خطرہ کے بادل منڈلا رہے ہیں ۔ 5 ہزار سال قدیم ہندوستانی تہذیب ہے ۔ انہوں نے انسانی اقدار کے گھٹنے پر تشویش کا اظہار کیا ۔ فلم اسٹار سے سیاستداں بن جانے والے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ شترو گھن سنہا نے عید کی مسلمانوں کو پر خلوص مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عید کی خوشیاں آئندہ سال تک مناتے رہنا چاہئے اور ان خوشیوں میں سماج کے تمام طبقات کو شامل کرتے ہوئے اس کو دوگنی کرنے کا مشورہ دیا ۔ شتروگھن سنہا نے کہا کہ ملک میں تاریکی کے بادل چھائے ہوئے ہیں ۔ وہ بھی بہت جلد چھٹ جائیں گے ۔ جے ڈی ایس کے قومی جنرل سکریٹری کے سی تیاگی ، ارکان پارلیمنٹ مولانا اسرار الحق ، محبوب علی قیصر ، محمد فیصل ، مجید میمن کرناٹک کے سابق وزیر روشن بیگ ، مہاراشٹرا کے سابق وزیر بابا صدیقی دیگر ارکان پارلیمنٹ میں ناصر حسین ، ایم وینکٹیشور راؤ ( تلگو دیشم ) ، سلیم انصاری ، اشفاق کریم ، جھارن داس بدیا ، ای ٹی بشیر ، علی انور ، احمد حسین ، پی کروناکرن ، بی کلیتا ، سی پی نارائن مختلف ممالک کے سفیر و دوسرے عہدیداروں کے علاوہ چانسلرس اور وائس چانسلرس نے شرکت کی ۔ حیدرآباد کے دیگر مہمانوں میں افتخار شریف ، ارشد علی خاں ، محمد اعظم علی اور دوسرے بھی موجود تھے ۔ جنرل سکریٹری اے آئی ایم ایف دلاور پٹیل اور سکریٹری عتیق صدیقی نے مہمانوں کا استقبال کیا ۔ صدر آل انڈیا مینارٹیز فورم و انڈیا عرب فرینڈ شپ فاونڈیشن جابر پٹیل نے دونوں تنظیموں کی کارکردگی ملک میں امن و امان کے پیغام کو فروغ دینے کے لیے کئے جانے والے پروگرامس پر روشنی ڈالی ۔۔