عید و تہواروں میں بلدیہ کی چستی و پھرتی ، عام دنوں میں بھی حرکیاتی بننے کی ضرورت

شہریوں سے داد تحسین ، چیف سکریٹری اور کمشنر بلدیہ سے بھی بلدی عملہ کی ستائش
حیدرآباد /6 ستمبر ( سیاست نیوز ) بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے گذشتہ دنوں حیدرآباد میں صفائی کے مثالی اقدامات انجام دئے ہیں ۔ عیدالاضحی اور گنیش تہوار کے دوران صفائی بلدی عملہ کیلئے ایک چیالنج سے کم نہیں تھا تاہم دونوں تہواروں میں صفائی کے مثالی اقدامات نے بلدی عملہ کی کارکردگی کو اُجاگر کیا ہے ۔ لیکن یہ خیال بھی پایا جاتا ہے کہ اگر بلدی عملہ تہواروں کے علاوہ روزانہ بھی اپنی خدمات پر ایسی توجہ مرکوز کرے تو وہ دن دور نہیں جب حیدرآباد ہر سال کا کلین اینڈ گرین کا خطاب اپنے نام کروالیا کرے گا ۔ بلدی عملہ کی جانب سے انجام دئے گئے صفائی کے اقدامات سے شہریوں میں خوشی و مسرت پائی جاتی ہے ۔ عیدالاضحی کیلئے موقع پر بلدیہ اعظیم تر حیدرآباد نے موثر منصوبہ بندی کرتے ہوئے شہریوں کو بھی اپنے اس مشن میں شامل کیا تھا اور مثالی اقدامات انجام دئے تھے ۔ بلدی حکام کے اقدامات پر دوسرے محکموں بالخصوص پولیس کی خاص توجہ تھی چونکہ عیدالاضحی کے فوری بعد گنیش وسرجن کا جلوس تھا اور اس جلوس سے ایک دن بعد صفائی سب سے بڑا چیالنج تھا ۔ چونکہ صفائی کے مسئلہ سے حساس اور کوئی مسئلہ تصور نہیں کیا جارہا تھا ۔پولیس نے کئی دنوں سے امن و ضبط کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے اپنی مشق کرتے ہوئے ہر طرف چوکسی اختیار کرلی تھی تاہم عیدالاضحی کے بعد سڑکوں بازاروں اور آبادی و محلوں کی صفائی ایک اہم مسئلہ بنا ہوا تھا ۔جس کو جی ایچ ایم سی نے بڑی خوبی کے ساتھ انجام دیا اور ساتھ ہی شہر کو مکمل طور پر مرکزی گنیش جلوس کیلئے تیار رکھ دیا تھا ۔ جس کے بعد پولیس نے اپنا کام کرلیا اور سرکاری ملازمین نے اطمینان کی سانس لی ۔ بتایا جاتا ہے کہ بلدیہ نے گذشتہ کئی دنوں سے جاری اپنی منصوبہ بندی پر آسانی کے ساتھ عمل کرلیا ۔ جو شہریوں کی داد و تحسین کے سبب بن گیا ۔ ورنہ ہمیشہ سے ہی بلدی حکام لاپرواہی اور غیر ذمہ دارانہ اقدامات کے الزامات کا سامنا کرتے ہیں ۔ دونوں تہواروں میں بہترین کارکردگی کے سبب کمشنر بلدیہ اعظیم تر حیدرآباد نے بلدی کے عملہ کی ستائش کی اور اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا ۔ اس دوران چیف سکریٹری حکومت تلنگانہ جناب ایس پی سنگھ نے بھی بلدی حکام کے اقدامات کی ستائش کی اور صفائی کے معاملہ میں بلدی خدمات کو مقامی قرار دیا ۔ یاد رہے کہ ایس پی سنگھ تقسیم ریاست سے قبل جی ایچ ایم سی کمشنر اسپیشل آفیسر کے عہدے پر فائز تھے ۔ شہر میں صحت و صفائی کے اقدامات پر بلدی حکام کی جانب سے ستائش کا شاید یہ پہلا موقع ہے ۔ جب اعلی عیدیداروں سے لیکر عوام و مختلف تنظیموں نے کام کی ستائش کی ہے ۔ دوسری طرف یہ بھی ظاہر ہوگیا ہے کہ بلدیہ میں صفائی اقدامات کیلئے عملہ کی کوئی کمی نہیں باوجود اس کے بلدی حکام اس طرح اپنی توجہ جاری رکھیں اور روزآنہ صفائی پر خصوصی توجہ مرکوز کریں تو کلین اینڈ گرین کا ایوارڈ ہمیشہ حیدرآباد کے حصہ میں آئے گا ۔