نئی دہلی ۔ 13 جنوری ۔ (سیاست ڈاٹ کام) عیدمیلادالنبی صلی اﷲعلیہ و آلہٖ و سلم کے موقع پر صدرجمہوریہ نے عوام کو آج مبارکباد دی ہے اور تلقین کی کہ پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اﷲ علیہ و آلہٖ و سلم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے خود کو انسانیت کی فلاح و بہبود اور خدمت کیلئے وقف کردیں۔ صدر پرنب مکرجی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’’عید میلادالنبیؐ کے مبارک موقع پر میں ہندوستان اور بیرون ہند مقیم تمام شہریوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں‘‘ ۔
انھوں نے اُمید ظاہر کی کہ اخوت اور بے لوث خدمت کیلئے پیغمبر اسلام کا پیغام دوستی و اتحاد کے فروغ کیلئے سرچشمہ ہدایات ثابت ہوگا ۔ صدر نے مزید کہاکہ ’’پیغمبر اسلام کی دائمی اہمیت و افادیت پر مبنی تعلیمات ہمیں بنی نوع انسان کی فلاح و بہبود کیلئے خود کو دوبارہ وقف کردینے کے جذبہ سے سرفراز کریں گی ‘‘۔