عید میلادالنبیؐ کا ملک بھر میں بصد عقیدت و احترام انعقاد

جموں و کشمیر میں آثار مبارک کی زیارت، عمرعبداللہ نے درگاہ حضرت بَلؒ میں نماز مغرب ادا کی
نئی دہلی 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و سلم کے یوم میلاد کے موقع پر ملک بھر میں گزشتہ روز بصد عقیدت و احترام عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ و سلم منائی گئی۔ دہلی، مدھیہ پردیش، اترپردیش، راجستھان، گجرات، مہاراشٹرا، بہار، آندھراپردیش اور دیگر ریاستوں میں میلادالنبی ﷺ کے جلوس اور جلسوں کا اہتمام کیا گیا۔ متعدد مقامات پر آثار مبارک کی زیارت کا اہتمام بھی کیا گیا۔ کشمیر کی درگاہ حضرت بَلؒ میں منگل کو بعد ظہر 2 ہزار سے زائد مسلمانوں نے موئے مبارک کی زیارت کی۔ اِس مقام پر ہر سال موئے مبارک کو زیارت کے لئے رکھا جاتا ہے جس کے لئے دور دراز کے مقامات سے معتقدین کی کثیر تعداد وہاں پہونچتی ہے۔ درگاہ کے اُمور کے انتظامات کرنے والے مسلم اوقاف ٹرسٹ نے معتقدین کی کثیر تعداد کو سہولتوں کی فراہمی کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے تھے۔ وادی کشمیر کے دیگر حصوں میں بھی عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ و سلم کا اہتمام کیا گیا۔ گزشتہ سال سرینگر میں میلاد جلوس نکالا گیا تھا لیکن اِس سال منتظمین نے جلوس منظم کرنے سے گریز کیا۔ جموں و کشمیر کے چیف منسٹر عمر عبداللہ نے بعد مغرب درگاہ حضرت بَلؒ پہونچ کر موئے مبارک کی زیارت کی۔ چیف منسٹر نے ہزاروں عقیدت مندوں کے ساتھ اِس مقام پر باجماعت نماز مغرب ادا کی۔ مسٹر عمر عبداللہ نے اِس مبارک موقع پر اپنی ریاست میں امن، ترقی و خوشحالی کے لئے دُعا کی اور وہاں موجود عوام کو مبارکباد دی۔ نئی دہلی میں عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر متعدد مقامات پر جلوس نکالے گئے۔ اکثر بڑی مساجد کو برقی قمقموں سے منور کیا گیا تھا۔ کئی مقامات پر جلسوں کا اہتمام کیا گیا۔ ملک کے تجارتی شہر ممبئی میں بھی جوش و خروش اور عقیدت کے ساتھ عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ و سلم کا اہتمام کیا گیا۔

مظفر نگر ریلیف کیمپوں میں طبی امداد کی فراہمی
مظفر نگر 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) حکومت اترپردیش نے مظفر نگر فساد متاثرین کے لئے طبی کیمپ کا اہتمام کیا ہے جہاں حاملہ بچوں اور حاملہ خواتین کو ترجیح دی جائے گی۔ ضلع مجسٹریٹ کوشل راج شرما نے کہاکہ تقریباً 168 حاملہ خواتین اور 4000 بچوں کے طبی معائنے کئے گئے اور اُنھیں ضروری ادویات مہیا کی گئیں۔ چیف میڈیکل آفیسر ایس کے تیاگی کی قیادت میں میڈیکل ٹیم نے کھنڈوارا، وگیانا، جوگی، یکھیرا، لوئی، حبیب پورہ، کلیان پور، ریوالی، ناگلا، سیکری، بھاگرا، ہرسولی، سنجاک، حسین پور کلاں اور شاہ پور کے بشمول 17 دیہاتوں کا دورہ کیا اور مریضوں کے طبی معائنے کئے گئے۔ ضلع حکام نے فسادات کے متاثرین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اِس علاقہ میں سردی کی شدید لہر کے سبب کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لئے ریلیف کیمپوں کا تخلیہ کریں۔