حیدرآباد ۔ 7 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : قربانی تسلیم و رضا صبر و استقامت کا بے نظیر مظاہرہ ہے ۔ اعتراف بندگی اور تقویٰ و پرہیزگاری قربانی کی حقیقی روح ہے ۔ تقویٰ ہی وہ عظیم روحانی جذبہ ہے جو زندگی کا حاصل اور تمام اسلامی عبادات کا جز ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مولاناسید متین علی شاہ قادری نے کل عیدگاہ گنبدان قطب شاہی قلعہ گولکنڈہ میں عید الاضحی کے کثیر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مولانا متین علی شاہ نے عامتہ المسلمین سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پاکی آدھا ایمان ہے ۔ اسلامی تعلیمات میں پاکیزگی کی سختی سے تاکید کی گئی ۔ قربانی دینے کے مقام پر صفائی کا خاص خیال رکھیں ۔ قربانی کے بعد ناکارہ اشیاء کو سڑکوں پر پھینکنا غیر اخلاقی عمل ہے ۔ عید قربان کے موقع پر جابجا گندگی سے نہ صرف محلہ والوں ، دیگر طبقات اور ابنائے و طن کو تکالیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ بلکہ بیشتر مقامات پر راہگیروں کو بھی تعفن و بدبو کے سبب کراہیت ہوتی ہے ۔ اس موقع پر صفائی کا خاص اہتمام کریں ۔ آخر میں جناب غلام محی الدین پاشاہ بھائی نے تمام محکمہ جات کا شکریہ ادا کیا ۔۔