واٹر پروف شامیانوں کی تنصیب ، دیڑھ لاکھ کا خرچ ، محمد اسد اللہ
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جولائی (سیاست نیوز) عیدالفطر کے سلسلہ میں وقف بورڈ نے عیدگاہ میرعالم پر تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ محمد اسد اللہ نے بتایا کہ عیدگاہ کی آہک پاشی اور تعمیر و مرمت کے کام دیڑھ لاکھ روپئے کے خرچ سے مکمل کرلئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شامیانوں کی تنصیب کا کام عید سے ایک دن قبل مکمل کرلیا جائے گا ۔ بارش کے امکانات کو دیکھتے ہوئے واٹر پروف شامیانوں کا انتظام کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکمہ جات کو انتظامات کے سلسلہ میں ضروری ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ محمد اسد اللہ کے مطابق مصلیوں کیلئے عیدگاہ کے باہر دور دور تک صفوں کا انتظام رہے گا اور اس علاقہ میں صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلا وقفہ برقی کی سربراہی اور واٹر ورکس کو پانی کی سربراہی کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کے عہدیدار انتظامات کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ خطیب و امام مکہ مسجد حافظ و قاری محمد رضوان قریشی نماز عید کی امامت کریںگے اور خطبہ دیں گے۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر کے مطابق ہر ضلع کیلئے 50 لاکھ روپئے جاری کئے گئے ہیں تاکہ عیدگاہوں اور مساجد کی تعمیر و مرمت کیلئے گرانٹ جاری کی جائے۔ ضلع کلکٹرس کو یہ رقم جاری کردی گئی اور وہ حاصل ہونے والی درخواستوں کے مطابق گرانٹ جاری کریں گے۔ حکومت نے اس مقصد کیلئے پانچ کروڑ روپئے مختص کئے ہیں۔