عیدگاہ میر عالم اور عیدگاہ قدیم مادنا پیٹ میں نمازعیدالفطر کے انتظامات

ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی کا دورہ، عید سے قبل انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت

حیدرآباد۔/27جولائی، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمد محمود علی نے آج مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ عید گاہ میرعالم اور عید گاہ قدیم ( مادنا پیٹ) کا دورہ کرتے ہوئے عیدالفطر کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ انتظامات عید سے ایک دن قبل مکمل کرلئے جائیں اور بارش کے پیش نظر تمام احتیاطی اقدامات ہونے چاہیئے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے عیدگاہ میر عالم کے باب داخلہ پر تعمیر کی جانے والی خیرمقدمی کمان کی جلد تکمیل کی ہدایت دی۔ مجلس بلدیہ کی جانب سے یہ کمان تعمیر کی جائے گی۔ اگرچہ اس کے کام کا آغاز رمضان میں ہونا چاہیئے تھا تاہم یہ ممکن نہ ہوسکا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ کم از کم عیدالاضحی سے قبل کمان کی تعمیر کی تکمیل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے عیدگاہ میرعالم پر نماز عیدالفطر اور ہزاروں مصلیوں کیلئے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ نماز اور خطبہ کے موقع پر برقی کی بلاوقفہ سربراہی کو یقینی بنایا جائے، اس کے علاوہ نمازیوں کیلئے واٹر ورکس کی جانب سے صاف پینے کے پانی کا انتظام کیا جائے۔ انہوں نے عید گاہ کے اطراف و اکناف اور اس کے راستوں پر صفائی کے انتظامات کے سلسلہ میں محکمہ بلدیہ کے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ جناب محمود علی نے پولیس بالخصوص ٹریفک پولیس کے عہدیداروں سے کہا کہ وہ ہزاروں کی تعداد میں مصلیوں کی آمد کے پیش نظر ٹریفک کے بہاؤ کو باقاعدہ بنانے پر توجہ دیں اور پارکنگ کیلئے بھی خصوصی انتظامات کئے جائیں۔ پولیس عہدیداروں نے بتایا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی عیدگاہ پہنچنے والے تمام راستوں پر پولیس اور ٹریفک پولیس کی جانب سے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے اور پارکنگ کیلئے بھی خصوصی گوشہ مختص کیا جائے گا تاکہ ٹریفک جام جیسے مسائل سے بچا جاسکے۔ ڈپٹی چیف منسٹر کو عیدگاہ میرعالم میں فرش اور دیگر انتظامات کی تفصیلات سے واقف کرایا گیا۔ قدیم عید گاہ مادنا پیٹ کے دورہ کے موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر نے صفائی کے انتظامات کی عدم تکمیل پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ کل تک صفائی کے تمام انتظامات مکمل کرلیں۔ انہوں نے عیدگاہ کی آہک پاشی نہ کئے جانے پر حیرت کا اظہار کیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ یہ عمارت دراصل محکمہ آرکیالوجی کے تحت ہے لہذا اس کی نگہداشت محکمہ کی ذمہ داری ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے عیدگاہ کی زمین مسطح کرنے اور صفائی کے انتظامات جنگی خطوط پر انجام دینے کی ہدایت دی۔ اس دورہ میں ڈپٹی چیف منسٹر کے ہمراہ سکریٹری اقلیتی بہبود جناب احمد ندیم، کمشنر سٹی پولیس مہیندر ریڈی، چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ ایم اے حمید کے علاوہ پولیس، برقی، آبرسانی، بلدیہ اور دیگر محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔بعد میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ شہر حیدرآباد کے علاوہ تلنگانہ کے تمام اضلاع میں عیدگاہوں اور مساجد کی ضروری مرمت و تزئین نو کے کاموں کے سلسلہ میں حکومت نے خصوصی فنڈ جاری کیا ہے۔ ہر ضلع کیلئے 50لاکھ روپئے مختص کئے گئے جو کل تک متعلقہ ضلع کلکٹرس کے پاس پہنچ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اضلاع میں مساجد اور عیدگاہوں کی آہک پاشی و مرمت کا کام شروع ہوچکا ہے اور کلکٹرس عیدگاہوں اور مساجد کی ضرورت کے مطابق فنڈز جاری کریں گے۔ جناب محمود علی نے کہا کہ حکومت نے رمضان المبارک کے موقع پر ریاست بھر میں جس طرح شاندار انتظامات کئے تھے اسی طرح عیدالفطر کے موقع پر بھی انتظامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان کے دوران حیدرآباد میں بلاوقفہ برقی کی سربراہی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے گئے اور واٹر ورکس کی جانب سے مقررہ وقت سے زیادہ پانی بھی سربراہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عید کی تیاریوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے ماہ جولائی کی تنخواہ سرکاری ملازمین کو ایک ہفتہ قبل ہی جاری کردی ہے۔