عیدگاہ میرعالم میں عیدالفطر کے موثر انتظامات کو قطعیت

نماز عیدالفطر صبح 10 بجے ہوگی، صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کا اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ دورہ
حیدرآباد ۔ 11 ۔جون (سیاست نیوز) عیدالفطر کے موثر انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے آج اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ عیدگاہ میر عالم کا دورہ کیا ۔ انہوں نے تمام عہدیداروں اور محکمہ جات کو ہدایت دی کہ عیدالفطر کے موقع پر موثر انتظامات کئے جائیں۔ انتظامات کے سلسلہ میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا نقائص کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوںکی تعداد میں فرزندان توحید نماز عیدالفطر کی ادائیگی کیلئے عیدگاہ میرعالم کا رخ کرتے ہیں۔ عیدگاہ کے اندرونی و بیرونی حصہ میں صفائی کے خصوصی انتظامات کی ہدایت دی گئی ۔ اس کے علاوہ شامیانوں کے تنصیب اور لاؤڈ اسپیکر سسٹم پر خصوصی توجہ دی جائے گی ۔ صدرنشین وقف بورڈ نے بتایا کہ عیدگاہ میر عالم میں نماز عیدالفطر صبح 10 بجے ادا کی جائے گی۔ خطیب مکہ مسجد حافظ و قاری محمد رضوان قریشی ، خطبہ اور امامت کے فرائض انجام دیں گے ۔ نماز سے قبل مولانا محمد سیف اللہ اور مولانا حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ کا خطاب ہوگا ۔ صدرنشین وقف بورڈ نے محکمہ جات پولیس ، جی ایچ ایم سی ، ٹرانسکو ، واٹر ورکس ،آر اینڈ بی ہارٹیکلچر اور میڈیکل اینڈ ہیلتھ کے عہدیداروں کو ضروری ہدایات دی اور کہا کہ گزشتہ سال سے بہتر انتظامات کئے جائیں ۔ انہوں نے نمازیوں کیلئے پینے کے پانی کی سہولت فراہم کرنے کا مشورہ دیا ۔ گزشتہ سال کے مقابلہ پینے کے پانی کے کاؤنٹرس کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ عیدگاہ اور بیرونی حصہ میں دور دراز کے علاقوں تک لاؤڈ اسپیکر کا انتظام رہے گا۔ بارش کے امکانات کو دیکھتے ہوئے احتیاطی اقدامات کئے جائیں گے۔ عیدگاہ میر عالم اور عیدگاہ مادنا پیٹ میں انتظامات کیلئے وقف بورڈ نے 7 لاکھ روپئے منظور کئے ہیں۔ عیدگاہ کے تمام راستوں پر ٹریفک پولیس تعینات رہے گی اور پارکنگ کیلئے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے ۔ عیدگاہ کے معائنہ کے موقع پر ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم زونل کمشنر جی ایچ ایم سی روی کرن، ایڈیشنل کمشنر جی ایچ ایم سی بالا سبرامنیم ، ایڈیشنل ڈی سی پی بابو راؤ، ایڈیشنل ڈی سی پی غوث محی الدین اور دیگر عہدیدار موجود تھے ۔ عید گاہ کے باب الداخلہ پر خوبصورت کمان کی تعمیر اختتامی مرحلہ پر ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے تعمیری کام جلد مکمل کرنے ہدایت دی۔