عیدگاہ قدیم مادنا پیٹ کے مینار کا کلس منہدم

حیدرآباد 23 اپریل (راست) شہر میں 22 اپریل کو تیز آندھی اور بارش کی وجہ سے عیدگاہ قدیم مادنا پیٹ کے مینار کا کلس بھی منہدم ہوگیا۔ کل شام 7.25 پر بجلی کی گرج چمک کے ساتھ مینار کا کلس اندرون عیدگاہ گرگیا۔ کلس کے تمام ٹکڑے محفوظ ہیں، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ کلس کے گرنے کے فوری بعد متولی عیدگاہ کے برادر حقیقی سید مخدوم مدنی نے وقف بورڈ آفیسر جناب محمد وحید کو یہ اطلاع دی اور وہ فوری عیدگاہ پہونچ گئے۔ انسپکٹر وقف بورڈ نے سرکل مادنا پیٹ کی موجودگی میں اپنی رپورٹ تیار کی۔ مینار کے کلس کی جلد از جلد تنصیب کا مطالبہ کیا گیا۔ قاری سید شاہ محمد یوسف مدنی قادری نے کہاکہ عیدگاہ مادنا پیٹ کی تعمیر 1010 ھ میں قلی قطب شاہ دوّم کے دور میں تکمیل ہوئی۔ عیدگاہ مادنا پیٹ قدیم کو 2011 ء میں INTACH کا ایوارڈ بھی حاصل ہوا۔ حکومت تلنگانہ اور وقف بورڈ سے مطالبہ کیا گیا کہ کلس کی دوبارہ جلد از جلد تنصیب کے اقدامات کئے جائیں۔