عیدگاہوں کے قریب ٹریفک تحدیدات

حیدرآباد۔ 28 جولائی (سیاست نیوز) نماز عیدالفطر کے موقع پر کمشنر پولیس حیدرآباد ایم مہیندر ریڈی نے عید گاہ میرعالم میں نماز کی ادائیگی کیلئے ٹریفک تحدیدات عائد کرنے کے احکامات جاری کئے۔ کمشنر پولیس کے بموجب نماز عیدالفطر میں سہولت کی خاطر ٹریفک تحدیدات صبح 8 بجے تا 11:30 بجے نافذالعمل رہیں گے۔ عیدگاہ میر عالم کی سمت آنے والی ٹریفک کا رخ پرانا پل، کاماٹی پورہ اور بہادر پورہ چوراہے کشن باغ کی جانب رہے گا۔ اس موقع پر سائیکل رکشہ اور بائی سائیکلس کو عیدگاہ میرعالم کی جانب جانے کی اجازت نہیں رہے گی جبکہ سائیکل رکشہ کو مقررہ مقام پر پارکنگ کی جگہ فراہم کی جائے گی۔ شیورام پلی نیشنل پولیس اکیڈیمی سے عیدگاہ میرعالم کی سمت آنے والی ٹریفک کا رخ بہادر پورہ چوراہے دانم ٹی جنکشن سے علی آباد، جہاں نما کی طرف کردیا جائے گا۔ بعد نماز عیدالفطر تیز رفتار آنے والی گاڑیوں کو پرانا پل ، سٹی کالج سے جانے کی اجازت دی جائے گی۔ اسی طرح عیدگاہ سکندرآباد میں نماز عید کی ادائیگی کے لئے بھی ٹریفک پابندیاں عائد کی گئی ہیں جس کے تحت بُرک بانڈ سنٹر اور سی ٹی او چوراہے سے عیدگاہ سکندرآباد کی طرف جانے والی ٹریفک کا رخ تاڑبن کی سمت کردیا جائے گا۔