عیدگاہوں اور مساجد میں 12% تحفظات کی تحریک میں حصہ لینے مسلمانوں سے اپیل

تحریک میں مزید شدت پیدا کرنے زاہد علی خاں صاحب کی اپیل

اللہ اکبر کی گونج میں قرار داد منظور ، تحفظات سے متعلق پمفلٹ کی شہر و اضلاع کی مساجد میں تقسیم
حیدرآباد ۔ 26 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : عیدالاضحی کے موقع پر 12 فیصد مسلم تحفظات سے متعلق پمفلٹس شہر اور اضلاع میں بڑے پیمانے پر تقسیم ہوئے ۔ بودھن کی عیدگاہ میں بعد نماز عید الاضحی مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کا مطالبہ کرتے ہوئے دعا سے قبل اللہ اکبر کی گونج میں قرار داد منظور کی گئی ۔ مختلف مقامات پر امام و خطیب حضرات بھی اپنی ذمہ داری کو محسوس کرتے ہوئے خطبہ عید و خطبہ جمعہ میں 12 فیصد مسلم تحفظات کی تحریک اور جدوجہد کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔ روزنامہ سیاست کی جانب سے مسلمانوں کو 12 فیصد مسلم تحفظات فراہم کرنے کی تحریک سے مسلمانوں میں شعور بیدار ہوا ہے ۔ شہر اور اضلاع میں تحصیلداروں ، آر ڈی اوز اور کلکٹرس کے علاوہ وزراء اور عوامی منتخب نمائندوں کو جمہوری انداز میں پیش کی جانے والی یادداشتیں اس کا ثبوت ہیں ۔ جماعتی وابستگی سے بالاتر ہو کر مسلمان مسلم تحفظات کی جدوجہد میں شامل ہورہے ہیں ۔ ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب زاہد علی خاں نے 12 فیصد مسلم تحفظات کی جدوجہد کو پرامن اور جمہوری انداز میں چلانے پر تلنگانہ کے تمام مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اظہار تشکر کیا ۔ جناب زاہد علی خاں نے 12 فیصد تحفظات کے لیے مسلمانوں کے جذبہ اور جوش و خروش کی ستائش کرتے ہوئے اس تحریک کو مزید پروان چڑھانے پر زور دیا ۔ ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے کہا کہ جب کت حکومت بی سی کمیشن تشکیل دیتے ہوئے جامع سروے کے ذریعہ مسلمانوں کی پسماندگی کا اعداد و شمار
جمع نہیں کرتی تب تک مسلمانوں کو تحفظات فراہم کرنا ممکن نہیں ہے ۔ ساتھ ہی پسماندگی کا تقابلی ریکارڈ پیش نہیں کیا گیا تو تحفظات کا مسئلہ پھر عدالت کی کشاکش میں پھنس جانے کا خطرہ برقرار رہے گا ۔ جناب زاہد علی خاں نے امید ظاہر کی ہے کہ شہر اور اضلاع میں پمفلٹس کی جو تقسیم ہوئی ہے اس کا مثبت ردعمل دیکھنے کو ملے گا ۔ عیدالاضحی کے بعد اب 12 فیصد یادداشتوں کی پیشکشی میں مزید اضافہ ہوگا ۔ شہرحیدرآباد کی تاریخی مکہ مسجد میں تلگو دیشم قائد عمر خان اور ان کے ساتھیوں نے 12 فیصد مسلم تحفظات سے متعلق پمفلٹس مصلیوں میں تقسیم کی اس طرح تنظیم انصاف گریٹر حیدرآباد کے صدرمسٹر سید کلیم الدین عسکر نے قدیم عیدگاہ مادنا پیٹ اور ان کے ساتھیوں نے مدینہ مسجد بڑا بازار یاقوت پورہ ، صحیفہ مسجد اعظم پورہ ، جامع مسجد دیوان دیوڑھی میں پمفلٹس تقسیم کئے ۔ نائب صدر دکن وقف پروٹیکشن سوسائٹی سید سلیم نے مدرسہ فیض العلوم کے علاوہ دبیر پورہ اور دارالشفاء کی مساجد میں پمفلٹس تقسیم کئے ۔ عیدگاہ بلالی مانصاحب ٹینک پر محمد احمد ،
عبدالناصر نے نامپلی کے علاقوں میں پمفلٹس تقسیم کئے ۔ قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں صدر دکن وقف پروٹکشن سوسائٹی عثمان الہاجری ، مقبول الہاجری اور محمد سمران اور ان کے ساتھیوں نے پمفلٹس تقسیم کئے ۔ ۔