لندن ۔ یکم جون ( سیاست ڈاٹ کام ) برطانوی پارلیمنٹ میں جلدی ہی ایک تجویز پر غور کیا جائیگا جس میں عید اور دیوالی کے موقع پر ایک دن کی تعطیل دینے کی درخواست کی گئی ہے ۔ یہ آن لائین درخواست پیش کی گئی تھی جس پر 119,500 افراد نے دستخط کردئے ہیں۔ برطانیہ میں 2011 سے نافذ کردہ قوانین کے مطابق کسی بھی ای درخواست پر اگر ایک لاکھ دستخطیں ہوجائیں تو اس پر ہاوز آف کامنس میں غور کیا جاسکتا ہے ۔ سنڈے ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے بموجب اگر پارلیمنٹ میں بحث ہوئی تو نیا تنازعہ پیدا ہوسکتا ہے کیونکہ اگر یہ تعطیلات دیدی جاتی ہیں تو برطانیہ میں یہ اپنی نوعیت کی پہلی غیر عیسائی مذہبی تعطیلات ہوسکتی ہیں اور دوسرے عقائد کے ماننے والے بھی اسی طرح کا مطالبہ کر سکتے ہیں۔ یہ ای درخواست ’’ عید اور دیوالی کو تعطیل دی جائے ‘‘ محکمہ بزنس ‘ انوویشن اور اسکلس کے حوالے کی گئی ہے ۔ اس میں کہا گیا ہے کہ کئی مسلمان اور ہندو برطانیہ میں رہتے ہیں اور انہیں ان کی عیدوں کے موقع پر تعطیل دی جانی چاہئے ۔