اجمیر۔یکم ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) راجستھان کے اجمیر میں خواجہ معین الدین چشتی رحمۃ اللہ علیہ کی درگاہ میں عیدالاضحی کے موقع پر ہفتہ کی صبح جنتی دروازہ کھولا جائے گا اور نماز ظہر کے بعد تین بجے بند کردیا جائے گا۔ درگاہ کمیٹی نے نماز عیدالاضحی کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں جب کہ نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع قیصر گنج میں واقع عید گاہ میں ہوگا۔داؤدی بوہرہ سماج نے آج روایتی طریقے سے اجمیر میں عیدالاضحی منائی۔ سنیما روڈ پر واقع شیواجی پارک کے نزدیک واقع بوہرہ مسجد میں آج عیدالاضحی کی نماز ادا کی گئی ۔ نماز کے بعد انہوں نے قربانی دی۔
ممبئی کی منہدمہ عمارت کے ملبہ کی تلاش ختم، 33 ہلاکتوں کی توثیق
ممبئی ۔ یکم ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی میں راحت کاری ٹیم نے گزشتہ روز منہدمہ عمارت کے ملبہ کی صفائی کا کام یہ سمجھ کر بند کردیا ہے کہ اب وہاں مزید کوئی شخص پھنسا ہوا نہیں ہے۔ 117 سال قدیم یہ عمارت گزشتہ روز منہدم ہوگئی تھی جس کے نتیجہ میں 20 دن کے ایک بچے کے بشمول 33 افراد ہلاک ہوگئے ۔