حیدرآباد ۔ /15 جون (سیاست نیوز) عیدالفطر کے موقع پر عیدگاہوں میں نماز کی ادائیگی کے پیش نظر پولیس نے دونوں شہروں میں ٹریفک تحدیدات عائد کئے ہیں اور عوام کی گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے خصوصی انتظامات کئے ہیں ۔ کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار نے ایک اعلامیہ جاری کیا جس میں بتایا گیا کہ عیدگاہ میرعالم میں عیدالفطر کی نماز کی ادائیگی کے موقع پر پرانا پل ، کاماٹی پورہ ، کشن باغ سے عیدگاہ میرعالم کی سمت جانے والی ٹریفک کو روک کر اس کا رخ بہادر پورہ چوراہا اور کشن باغ کی سمت کردیا جائے گا ۔ اسی طرح شیورام پلی ، دانماں جھونپڑیاں سے عیدگاہ کی سمت آنے والی ٹریفک کا رخ دانماں جھونپڑیاں چوراہا ، شاستری پورم ، نواب صاحب کنٹہ کی سمت کردیا جائے گا ۔ کالا پتھر سے عیدگاہ کی سمت جانے والی ٹریفک کا رخ پولیس اسٹیشن کالا پتھر ، موچی کالونی بہادر پورہ ، شمشیر گنج اور نواب صاحب کنٹہ کی سمت کردیا جائے گا ۔ پولیس نے مصلیوں کی گاڑیوں کی پارکنگ کی سہولت کا خیال کرتے ہوئے احاطہ زو پارک ، یوسف پارکنگ ، مظہر پارکنگ ، جیش پارکنگ ، مارڈن سامل پارکنگ ، میرعالم فلٹر بیلٹ اور یادو پارکنگ کے علاوہ بھیا پارکنگ ، مارڈن پٹرول پمپ اور بی این کے کالونی میں بھی پارکنگ کے خصوصی انتظامات کئے ہیں ۔ مذکورہ ٹریفک تحدیدات صبح 8 بجے تا 11.30 بجے تک عمل میں رہیں گے ۔ اسی طرح سکندرآباد عیدگاہ میں نماز عیدالفطر کے موقع پر برک بانڈ سنٹر اور سی ٹی او چوراہا سے عیدگاہ چوراہا تاڑبن کی سمت کردیا گیا ہے ۔