حیدرآباد ۔ 28 جولائی ۔ ( پریس نوٹ ) گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے عیدالفطر کے موقع پر تمام مسلمانوں کو دلی مبارکباد دی ہے ۔ انھوں نے اپنے پیغام مبارکباد میں کہا کہ پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اﷲ علیہ و آلہٖ و سلم کی بعثت کے بعد قرآن مجید کی تعلیمات نے کئی صدیوں سے معاشرہ کو ایک نئی شکل دینے میں رہنمائی کی ہے اور انسانی زندگیوں میں تبدیلی لائی ہے ۔ اخوت ، محبت ، رواداری و ہمدردی ، خیرات و قربانی پر مبنی اسلامی تعلیمات نے انسانیت کو حرص و لالچ ، تشدد و شورش سے آزاد ایک ایسی دنیا میں جینے کی مدد کی ہے جہاں ساری انسانیت محبت و اخوت کی بنیادوں پر متحد رہتی ہے ۔ مسٹر نرسمہا نے کہا کہ رمضان المبارک ہمیں خدائے تعالیٰ کی ہدایات کے مطابق گذاری جانیوالی زندگی کا مقصد یاد دلاتا ہے کہ صبر و برداشت پر مبنی روزہ جیسی عبادت اور تزکیہ نفس کے ذریعہ ہم دائمی بقاء پاسکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اختتام رمضان المبارک اور عیدالفطر کے موقع پر ہمیں انسان کے وقار و عظمت ، زندگی کے تقدس اور تمام عقائد کے احترام کیلئے اپنے عہد کی تجدید کرنا ہوگا۔