عیدالفطر کے موقع پر ٹریفک تحدیدات

حیدرآباد۔5جولائی (سیاست نیوز) عید الفطر کے موقعہ پر شہر میں مختلف مقامات پر ٹریفک تحدیدات عائد کی جائیں گی۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کی اہم ترین عید گاہوں کے قریب محکمہ پولیس و ٹریفک پولیس کی جانب سے نماز عید الفطر کے لئے ٹریفک تحدیدات عائد کی جائیں گی۔ عیدگاہ میر عالم پہنچنے والوں کو پرانا پل‘ کاماٹی پورہ‘ بہادر پورہ چوراہا سے عید گاہ کی سمت بڑھنے کی اجازت حاصل رہے گی جبکہ عام ٹریفک کو کشن باغ و کاماٹی پورہ کی جانب موڑ دیا جائے گا۔ نماز عید الفطر کے انتظامات کے سلسلہ میں جاری کردہ ہدایات کے بموجب میرعالم عیدگاہ کی جانب سیکل رکشا اور سائیکل کو بڑھنے کی اجازت حاصل نہیں رہے گی۔شیورام پلی ‘ نیشنل پولیس اکیڈمی کی جانب سے عیدگاہ پہنچنے والے مصلیوں کیلئے راستہ فراہم کیا جائے گا جبکہ عام ٹریفک جو بہادرپورہ چوراہے کی سمت بڑھنا چاہتی ہے اسے دانما ہٹ ’’ٹی‘‘ جنکشن سے علی آباد ‘ انصاری روڈ ‘ جہاں نما ‘ بوائز ٹاؤن اسکول کی جانب موڑ دیا جائے گا۔ نماز کے فوری بعد تما م تیز رفتار گاڑیوں کو جو پرانا پل سے بہادر پورہ جانے والی ہیں انہیں سٹی کالج کی جانب موڑ دیا جائے گا اور مصلیوں کی واپسی تک یہ تحدیدات برقرار رہیں گی۔ سکندرآباد عیدگاہ کے قریب بروک بانڈ چوراہے اور سی ٹی او چوراہے کی ٹریفک کا رخ عیدگاہ چوراہے کی سمت موڑ دیا جائے گاجو براہ تاڑبن عیدگاہ پہنچ پائی گی۔