بیروت، 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) شمالی لبنان کے طرابلس میں جنگجوؤں کے ایک گروپ نے فوج کی گشتی پارٹی اور پولیس افسران پر تین مقامات پر حملے کئے جس کے سبب چار افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ۔ لبنان کی فوج نے اس کی تصدیق کردی ہے ۔فوج نے بیان جاری کرکے بتایا کہ مطلوبہ عبدالرحمان مبسوط سے تعلق رکھنے والے جنگجوؤں کے ایک گروپ نے پیر کی شب تقریباً گیارہ بجے طرابلس کے وسط میں واقع ایک بینک اور اندرونی حفاظتی دستوں کے ایک گروپ پر گولیاں چلائیں۔جس میں تین سیکورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے ۔ اسکے علاوہ فوج کی ایک کار کو دھماکہ سے اڑا دیا جس کے سبب ایک فوجی کی موت ہوگئی اور متعدد زخمی ہوگئے ۔مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق جنگجو ایک عمارت میں چھپے ہوئے ہیں جسے کا حفاظتی دستوں نے محاصرہ کرلیا ہے ۔ عمارت میں عام لوگوں کے موجود ہونے کے سبب اگرچہ ابھی تک جنگجوؤں کے خلاف کارروائی شروع نہیں کی گئی ہے ۔