عیدالفطر کیلئے این آر آئیز کی وطن واپسی میں کمی

ایرلائنس ٹکٹس شرح میں غیر معمولی اضافہ، ہندوستانی شہریوں میں تشویش کی لہر
حیدرآباد۔25جون(سیاست نیوز) عیدالفطر کیلئے اپنے شہر کا رخ کرنے والے غیر مقیم ہندستانیوں کی تعداد میں زبردست گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔ بیشتر خلیجی ممالک سے این آر آئیز عید الفطر کے موقع پر اپنے ملک و شہر کا رخ کیا کرتے تھے لیکن اس سال سعودی عرب‘ دبئی اور قطر میں بسے کئی شہریوں نے اپنے ملک میں عید منانے کی سمت توجہ ہی نہیں کی ۔ قطر سے 22ایسی پروازیں جو غیر قطر ایئر لائنس کی جانب سے ہندستان کے مختلف شہرو ںکو چلائی جاتی تھیں انہیں بند کردیئے جانے کے سبب قطر سے ہندستان کے لئے ٹکٹ کی قیمت میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا کیونکہ سعودی ایئر لائنس‘ ایمیریٹس ‘ گلف ائیر ‘ اتحاد کی پروازیں جو براہ قطر ہندستانی شہر پہنچا کرتی تھیں ان پروازوں کو روک دیئے جانے کے سبب ٹکٹ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور بعض شہروں کے لئے ٹکٹ 1لاکھ تک بھی پہنچ گئے جس کے سبب قطر میں رہنے والے ہندستانی شہریوں نے قطر میں ہی عید الفطر منائی۔ دو یوم قبل ایئر انڈیا کی جانب سے ہند۔قطر کے درمیان خصوصی 20پروازیں چلانے کے فیصلہ کے بعد اس روٹ پر حالات معمول پر آنے لگے ہیں لیکن عیدالفطر کیلئے جو ملک و شہر کا رخ کیا کرتے تھے انہوں نے اپنے منصوبہ ترک کرلئے۔اسی طرح سعودی عرب میں ملازمتوں کے متعلق متفکر ہندستانی رخصت حاصل کرتے ہوئے ملک واپسی سے اجتناب کر رہے ہیں کیونکہ انہیں اس بات کا خدشہ لگا رہتا ہے کہ اگر وہ ملک واپس جاتے ہیں تو ایسی صورت میںان کی جگہ کسی اور کا تقرر ہو جائے گا۔ سعودی عرب کی مختلف کمپنیوں کی جانب سے سعودی باشندوں کو ملازمتوں کی فراہمی کے اعلان اور حکومت کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے ساتھ اقامہ فیس و ویزا فیس میں کئے جانے والے اضافہ کے سبب سعودی عرب میں رہنے والے ہندستانی شہریوںمیں تشویش کی لہر پائی جاتی ہے اور ویزا کے متعلق نئے قوانین کا اطلاق یکم جولائی سے ہونے جا رہاہے جس کے سبب وہ ان قوانین کے متعلق مکمل آگہی کیلئے اپنی ملازمت پر برقرار رہتے ہوئے جانکاری حاصل کرنا چاہتے ہیں۔خلیجی ممالک میں جاری حالات اور معیشت پر مرتب ہونے والے منفی حالات کے سبب غیر مقیم ہندستانیوں کی بڑی تعداد شہر یا ملک عید منانے کیلئے نہیں پہنچے بلکہ جس ملک میں ہیں وہیں عید الفطر منانے کو ترجیح دی۔ ائیرلائنس کے ذمہ دارو ںکے علاوہ راجیون گاندھی انٹرنیشنل ائیرپورٹ شمس آباد کے اہلکاروں نے بھی اس بات کی توثیق کی کہ سال گذشتہ ماہ رمضان المبارک کے دوران جتنے لوگوں نے ائیر پورٹ کا استعمال کیا تھا ان میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔