عیدالفطر پر برطانوی وزیراعظم تھریسامے کا پیغام تہنیت

لندن ۔ 18 جون (سیاست ڈاٹ کام) برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے عیدالفطر کے موقع پر تہنیتی پیغام دیا۔ عیدالفطر کے تہوار پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ تہوار یقینا خوشیاں منانے کا موقع ہے جیسا کہ ہم اپنے ملک میں مسلمانوں کو مناتے ہوئے دیکھ رہے ہیں۔ تھریسامے نے مزید کہا کہ یہ تہوار، جو ماہ رمضان کے اختتام پر منایا جاتا ہے، صرف خوشیاں منانے کیلئے نہیں بلکہ یہ مسلمانوں کو اپنے خاندان، دوست احباب اور پڑوسیوں کے ساتھ مل بیٹھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ مزید برآں، یہ تہوار روحانی بالیدگی میں اضافہ کا مؤجب ہے اور اس تہوار کے ذریعہ مساکین، غرباء و فقراء کی امداد و تعاون کا موقع فراہم کرتا ہے جس سے پورا سماج فیضیاب ہوتا ہے۔ برطانوی سماج میں مسلمانوں کے اہم کردار پر تھریسامے نے کہا کہ برطانوی مسلمان اپنے اطراف میں رہنے والی کمیونٹیز اور ملک سے مثبت اندام میں تعاون کررہے ہیں۔ وزیراعظم نے ’’عید مبارک‘‘ کہتے ہوئے اپنے پیغام کا اختتام کیا۔