عیدالفطر سادگی کے ساتھ منانے کی اپیل : محمد علی شبیر

حیدرآباد۔/25جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز کونسل میں کانگریس کے ڈپٹی لیڈر جناب محمد علی شبیر نے تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ غزہ میں اسرائیلی حملوں کے شکار ہزاروں بے گناہ خاندانوں سے اظہار یگانگت کے طور پر عیدالفطر سادگی سے منائیں۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر ساری دنیا کے مسلمان جسد واحد کی طرح ہیں اور دنیا کے کسی بھی حصہ میں مسلمانوں پر مظالم ہوں تو اس کا درد ساری دنیا کے مسلمان محسوس کرتے ہیں۔ اس اخوت و بھائی چارگی کے تحت ہماری ذمہ داری ہے کہ غزہ کے مسلمانوں کی مصیبتوں اور مصائب کا درد محسوس کرتے ہوئے عیدالفطر کا سادگی سے اہتمام کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ عیدالفطر مسلمانوں کیلئے اہمیت کی حامل ہے لیکن رمضان المبارک اور عید کا اسلامی پیام یہ ہے کہ ہم عید کی خوشیوں میں غریبوں اور مستحق افراد کو بھی شامل کریں۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے عید کی خوشیوں میں دوسروں کو شامل کرنے کی ہدایت فرمائی ہے۔ ایسے وقت جبکہ غزہ میں مسلمان اسرائیلی حملوں سے شہید ہورہے ہیں ہم کس طرح خوشیوں کا اہتمام کرسکیں گے۔ غزہ کے دواخانوں میں زخمیوں کیلئے بنیادی طبی سہولتوں کا بھی انتظام نہیں اور اسرائیلی ناکہ بندی کے سبب ادویات اور اجناس کی سربراہی بھی بند ہوچکی ہے۔ جناب محمد علی شبیر نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ عیدالفطر کے موقع پر غزہ کے مسلمانوں کی سلامتی کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم تنظیموں اور جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ مرکزی حکومت سے مطالبہ کریں کہ غزہ کے متاثرہ مسلمانوں کیلئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ادویات اور اجناس پر مشتمل امداد روانہ کرے۔