عیدالاضحی کے پیش نظر وسیع تر انتظامات ، شر انگیزی پر سخت کارروائی

گاؤ کشی پر امتناع ، خلاف ورزی کی اجازت نہیں ، جی ایچ ایم سی میں اجلاس ، مختلف محکمہ جات کا فیصلہ
حیدرآباد۔24 ( سیاست نیوز ) شہر حیدرآ باد میں محکمۂ پولیس کی جانب سے عیدالاضحی کے پیش نظر وسیع تر انتظامات کئے جائیں گے ۔ گاؤ رکھشا کے نام پر شر انگیزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ گائے کی منتقلی میں ملوث افراد کے خلاف بھی سخت کاروائی کی جائے گی۔گاؤ کشی پر عائد امتناع کے قانون کی خلاف ورزی کی اجازت حاصل نہیں ہوگی اور نہ ہی گاؤ رکھشا کے نام پر بڑے جانور کی منتقلی میں رکاوٹیں پیدا کرتے ہوئے شر انگیزی کرنے والوں کو بخشا جائے گا۔شہر میں 12ستمبر کو عیدالاضحی اور 15ستمبر کو گنیش وسرجن جلوس کے انتظامات کے سلسلہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد میں منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران کمشنر پولیس مسٹر ایم مہندر ریڈی نے یہ بات بتائی۔ اس موقع پر کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ڈاکٹر جناردھن ریڈی کے علاوہ محکمۂ برقی‘ آبرسانی‘ بلدیہ‘ پولیس کے علاوہ دیگر متعلقہ محکمۂ جات کے عہدیدار موجود تھے۔ کمشنر پولیس حیدرآباد نے مزید بتایا کہ گائے کی منتقلی کو روکنے کیلئے سائبرآباد کے حدود میں 20اور شہری حدود میں 15 چیک پوسٹ قائم کئے جائیں گے ۔ اس اجلاس میں کمشنر پولیس رچہ کنڈہ اور سائبرآباد بھی موجود تھے۔ عیدالاضحی و گنیش جلوس کے پر امن انعقاد کو یقینی بنانے اور جوش و خروش کی برقراری کیلئے عوام میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی و یکجہتی پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ اجلاس کے دوران مختلف امور پر تبادلۂ خیال کرتے ہوئے عہدیداروں نے بلدیہ کی جانب سے عیدالاضحی کے موقع پر صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے اور خصوصی عملہ کی تعیناتی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔

 

ڈاکٹر جناردھن ریڈی نے بتایا کہ تہواروں کے پر امن انعقاد کیلئے بلدیہ اور دیگ محکمۂ جات کے درمیان بہتر تال میل کو یقینی بنائے جانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 12ستمبر کو متوقع عیدالاضحی کے موقع پر تین یوم تک صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جاتے رہیں گے اور صاف ستھرے ماحول کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ڈاکٹر جناردھن ریڈی نے مزید کہا کہ گنیش وسرجن کے لئے بلدی حدود میں 10مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے اور اس مرتبہ خیریت آباد گنیش کے 2بجے دن تک نمرجن کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اسی طرح گنیش جلوس گذرنے کے راستوں پر سڑکوں کو بہتر بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہیں تاکہ کسی قسم کا کوئی ناگہانی واقعہ نہ پیش آئے۔ اس اجلاس میں پولیس کے اعلی عہدیدار مسٹر ششی دھر ریڈی‘ مسٹر مہیش مرلی دھر بھاگوت ‘ مسٹر کملاسن ریڈی ‘ مسٹر وی ستیہ نارائنہ اور دیگر موجود تھے۔ڈاکٹر جناردھن ریڈی نے بتایا کہ شہر کی سڑکوں پر 41ہزار 446گڑھوں کی نشاندہی کی گئی ہے جنہیں فوری درست کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔اجلاس کے دوران محکمۂ پولیس و بلدیہ کے عہدیداروں کے علاوہ دیگر محکمۂ جات کے عہدیداروں نے تال میل کو بہتر بنانے کیلئے مختلف تجاویز پیش کیں۔