عیدالاضحی کے موقع پر ٹریفک تحدیدات

حیدرآباد ۔ 23 ستمبر (سیاست نیوز) عیدالاضحی کے موقع پر ٹریفک پولیس نے شہر کے بعض علاقوں میں ٹریفک تحدیدات عائد کئے ہیں۔ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر ایم مہیندر ریڈی نے ایک اعلامیہ جاری کیا جس میں ٹریفک تحدیدات عائد کرتے ہوئے احکامات جاری کئے گئے۔ 25 ستمبر کو عیدالاضحی کے موقع پر نماز عیدگاہ میرعالم میں نماز کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ عیدگاہ کے سمت جانے والی ٹریفک کا رخ پراناپل، کاماٹی پورہ، کشن باغ اور بہادرپورہ کی سمت کردیا جائے گا۔ اسی طرح صبح 8 بجے تا 11 بجے تک بہادر پورہ چوراہے اور کشن باغ پر ٹریفک کا رخ موڑ دیا جائے گا۔ شیورام پلی نیشنل پولیس اکیڈیمی سے عیدگاہ میرعالم کی سمت آنے والی ٹریفک کے بہاؤ کو مکمل روک دیا جائے گا۔ پرانا پل سے شیومندر پرانا پل کی ٹریفک کا رخ سٹی کالج کی سمت موڑ دیا جائے گا اور یہ ٹریفک کی تحدیدات نماز عید کے اختتام تک عمل میں رہیں گے۔ سکندرآباد بال امرائی عیدگاہ میں نماز عید کے موقع پر سٹی او سکندرآباد جانے والی ٹریفک کو کلاسک گارڈن روڈ راجیو گاندھی مجسمہ، لی رائل فنکشن پیالیس اور بالآمرائی چیک پوسٹ کی طرف موڑ دیا جائے گا۔
اسی طرح انا نگر سے کلاسک گارڈن کی طرف جانے والی ٹریفک کے بہاؤ کو مکمل طور پر روک دیا جائے گا۔