عیدالاضحی کے موقع پر صفائی کے مؤثر انتظامات

کچرے کی بروقت نکاسی کیلئے پلاسٹک بیاگس کی فراہمی، خصوصی گاڑیوں کی سہولت
حیدرآباد 5 اکٹوبر (سیاست نیوز) مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے عیدالاضحی کے موقع پر صفائی کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے شعبہ ہیلت اینڈ سنیٹیشن کی جانب سے کئی اقدامات کئے جارہے ہیں جن میں سوپروائزرس کو ایک لاکھ سے زائد پلاسٹک کے بڑے بیاگس کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے تاکہ عیدالاضحی کے موقع پر نکلنے والے اضافی کچرے کو بروقت تلف کرنے کے لئے اقدامات کئے جاسکیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے عیدالاضحی کے موقع پر مختلف محلہ جات سے کچرے کی بروقت نکاسی کے لئے خصوصی طور پر گاڑیوں کا انتظام کیا گیا ہے جوکہ بروز عید فوری طور پر کچرے کی نکاسی کو یقینی بنانے کے اقدامات کرے گی۔ عہدیداروں کے بموجب عیدالاضحی کے موقع پر سنیٹری سوپروائزرس کو نامزد کرتے ہوئے محلوں و رہائشی علاقوں کی صفائی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے اِسی طرح سوپروائزرس کو بڑے بیاگس حوالے کئے گئے ہیں تاکہ اُنھیں گھر گھر بیاگس تقسیم کرتے ہوئے کچرا یکجا کرنے میں دشواری نہ ہو۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر سومیش کمار نے اپنے ماتحت عہدیداروں کو اِس بات کی ہدایت جاری کی ہے کہ وہ عیدالاضحی کے موقع پر کسی بھی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہ کریں بلکہ نشاندہی کردہ اور سابقہ تجربات کی بنیاد پر فہرست میں شامل کئے گئے محلہ جات سے فوری طور پر کچرے کی نکاسی یقینی بنائیں۔ ایڈیشنل کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر روی کرن نے بتایا کہ بلدیہ کی جانب سے ممکنہ حد تک کچرے کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے گا لیکن شہریان حیدرآباد کو چاہئے کہ وہ شہر میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد سے تعاون کریں تاکہ شہر کو مختلف وبائی امراض سے پاک رکھا جاسکے۔ اُنھوں نے بتایا کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے پرانے شہر کے بیشتر علاقوں میں خصوصی سنیٹری سوپروائزرس کا تقرر عمل میں لایا گیا ہے تاکہ عیدالاضحی کے موقع پر نکلنے والے اضافی کچرے کو بروقت ہٹانے کے اقدامات کئے جاسکیں۔ مسٹر روی کرن نے بتایا کہ سابق میں عیدالاضحی اور اُس کے بعد 2 دن تک ہونے والی قربانی کو مدنظر رکھتے ہوئے صاف صفائی کے انتظامات میں کسی حد تک غفلت ہوا کرتی ہے لیکن اب ایسا بالکل بھی نہیں ہوگا۔