جی ایچ ایم سی کی جانب سے وسیع تر انتظامات
حیدرآباد۔ 12ستمبر (سیاست نیوز) شہر میں عید الاضحی کے موقع پر صفائی کو بہتر بنانے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے وسیع انتظامات کئے جا چکے ہیں۔ کمشنر جی ایچ ایم سی ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے آج تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ایام قربانی کیلئے اضافی گاڑیوں کا انتظام کیا گیا ہے جس میں 25ٹن کی 64‘10ٹن کی 158گاڑیوں کے علاوہ 6ٹن کی 47گاڑیاں کچہرے کی نکاسی کیلئے فراہم کی جائیں گی اس کے علاوہ 43جے سی بی رکھے جائیں گے۔ گھروں سے کچہرے کی منتقلی کیلئے 1لاکھ33ہزار 100پلاسٹک بیاگس کی تقسیم عمل میں لائی جا چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عیدالاضحی کے موقع پر تمام عیدگاہوں کے علاوہ مساجد کے قریب صفائی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی جا چکی ہے۔ایام قربانی کے تینوں دن صفائی عملہ کو دن میں دو مرتبہ کچہرے کی نکاسی کے احکام دیئے گئے ہیں اور تمام اہم سڑکوں کے علاوہ محلوں ‘ گلی کوچوں میں بھی صفائی کیلئے عملہ کو متعین کرنے کی ہدایت دی جا چکی ہے۔ ایام قربانی اور عیدالاضحی کے موقع پر صفائی کے تمام انتظامات اعلی عہدیداروں کی نگرانی میں کئے جائیں گے اور احکام کی اجرائی بھی عمل میں لائی جا چکی ہے بلدیہ حیدرآباد کی جانب سے صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے ضروری ہے کہ عوام بھی عملہ سے تعاون کریں تاکہ شہر کی صفائی ممکن ہو اور وبائی امراض کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔ بلدیہ کی جانب سے کچہرے کی منتقلی کیلئے استعمال کئے جانے والے آٹو رکشا کو بھی مختلف علاقوں کی ذمہ داریاں تفویض کرتے ہوئے انہیں مستعدی کے ساتھ کچہرے کی منتقلی انجام دینے کا پابند بنایا گیا ہے۔