عیدالاضحی کے موقع پر دونوں شہروں میں برقی سربراہی میں خلل

حیدرآباد ۔ 7 اکٹوبر ۔ ( سیاست نیوز) عیدالاضحی کے موقع پر دونوں شہروں میں برقی سربراہی کے متعلق متعدد شکایات موصول ہوتی رہی ۔ صبح کی اولین ساعتوں میں جب مسلمان نماز عیدالاضحی کی ادائیگی کیلئے مساجد و عیدگاہوں میں تھے ایسے وقت بھی برقی سربراہی میں بار بار خلل پیدا ہورہا تھا ۔ صبح 7 بجے کے قریب وٹے پلی ، فاطمہ نگر ، فلک نما ، انجن باؤلی کے علاقوں میں برقی سربراہی متاثر رہی جبکہ 9 بجے کے قریب شاہ علی بنڈہ ، سلطان شاہی ، تالاب کٹہ ، لال دروازہ کے علاقوں میں برقی سربراہی میں خلل کی شکایات موصول ہوئی۔ اسی طرح دن بھر میں کئی مرتبہ برقی سربراہی میں خلل کی متعدد شکایات موصول ہوتی رہیں لیکن محکمہ برقی کی جانب سے اس مسئلہ پر کسی قسم کی توجہ نہیں دی گئی اور نہ ہی فوری طورپر برقی بحال کرنے کے اقدامات کئے گئے ۔

عیدالاضحی کے موقع پر بیشتر مسلم علاقوں میں برقی سربراہی منقطع کئے جانے پر عوام نے محکمہ برقی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے خدشات ظاہر کئے کہ محکمہ برقی میں زعفرانی ذہنیت کے حامل عہدیداروں کے باعث یہ صورتحال پیدا ہوئی جبکہ بعض لوگوں نے دن کے اوقات میں اسٹریٹ لائیٹس کھلے رہنے کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ جن اوقات کار میں اسٹریٹ لائیٹس کی ضرورت ہی نہیں ہوتی اُس وقت اسٹریٹ لائیٹس کھلی رہتی ہیں جبکہ عوام کو تہواروں کے موقع پر بلاوقفہ برقی سربراہی ناگزیر ہوتی ہے لیکن محکمہ کی جانب سے عوام کو راحت پہنچانے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے زیرنگرانی موجود اسٹریٹ لائیٹس دن کے اوقات میں کھلے رہنا روز کا معمول ہے ۔ اگر بلدیہ کی جانب سے صرف وقت پر اسٹریٹ لائیٹس کھولی اور بند کی جائیں تو شہریوں کو بلاوقفہ برقی سربراہی یقینی بنائی جاسکتی ہے ۔ عوام نے عیدالاضحی کے موقع پر برقی سربراہی میں خلل پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ برقی سربراہی میں متعدد مرتبہ خلل کے باعث عوام کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ۔