جناب سید عمر جلیل کا دورہ عیدگاہ میر عالم و مادنا پیٹ ، عہدیداروں کو بہتر انتظامات کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 23 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہر کی اہم عیدگاہوں اور مساجد میں انتظامات کو قطعیت دیدی گئی ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے آج اقلیتی بہبود اور دیگر محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ عیدگاہ میرعالم اور عیدگاہ مادنا پیٹ کا دورہ کیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ عیدالاضحی کے سلسلہ میں عیدگاہوں اور اہم مساجد میں مصلیوں کیلئے بہتر انتظامات کئے جائیں۔ عیدگاہ میرعالم میں جاری انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سکریٹری اقلیتی بہبود نے مقامی افراد اور عوامی نمائندوں سے مشاورت کی اور نماز کے وقت میں تبدیلی کا فیصلہ کیا۔ عیدگاہ میرعالم میں نماز عیدالاضحی صبح 9 بجے ہوگی۔
عید کے دن جمعہ کے پیش نظر نماز کے وقت میں تبدیلی کی گئی ہے۔ پہلے یہ وقت صبح 9.30 بجے طئے کیا گیا تھا ۔ نماز کی ادائیگی اور پھر قربانی کے فریضہ کی تکمیل کے بعد دوبارہ نماز جمعہ کی ادائیگی کو دیکھتے ہوئے عیدگاہ میرعالم میں نماز کا وقت صبح 9 بجے مقرر کیا گیا ہے جبکہ عیدگاہ مادنا پیٹ اور تاریخی مکہ مسجد میں نماز عید صبح 9.30 بجے ہوگی۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے بتایا کہ عیدگاہ میرعالم میں نماز سے قبل مولانا سیف الدین شیخ الادب جامعہ نظامیہ اور مولانا حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ کا خطاب ہوگا۔ حافظ و قاری محمد رضوان قریشی نماز عید کی امامت کریں گے اور خطبہ دیںگے ۔ خطیب مکہ مسجد قاری عبداللہ قریشی الازہری اس موقع پر موجود رہیں گے۔ عیدگاہ میرعالم میں شامیانوں کی تنصیب اور جانمازوں کو بچھانے کا کام آخری مراحل میں ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کو ہدایت دی کہ عیدگاہ اور اس کے اطراف کے علاقوں میں صحت و صفائی کے انتظامات کا خاص خیال رکھیں۔
مصلیوں کیلئے وضو کے سلسلہ میں پانی کی سربراہی اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس اینڈ سیوریج بورڈ کے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے عیدگاہ کے اطراف پارکنگ کے انتظامات کئے جائیں گے ۔ عیدگاہ کے باہری حصہ میں سٹی پولیس کا کیمپ رہے گا جس میں توقع ہے کہ کمشنر پولیس مہیندر ریڈی اور دیگر عہدیدار موجود رہیں گے ۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے محکمہ جات کو ہدایت دی کہ وہ جمعرات کی شام تک تمام انتظامات مکمل کرلیں اور حکومت کو رپورٹ پیش کریں۔ عیدگاہ مادنا پیٹ میں ساؤنڈ سسٹم کو اطراف کے علاقوں میں توسیع دینے اور جانمازوں کی تعداد میں اضافے کی ہدایت دی گئی۔ مکہ مسجد میں مصلیوں کیلئے جانمازوں کے علاوہ حوض میں وضو کیلئے صاف پانی کا انتظام کرنے کی ہدایت دی گئی۔ اس دورہ میں ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جلال الدین اکبر، ڈپٹی کمشنر بلدیہ سبرامنیم ریڈی ، ایڈیشنل ڈی سی پی مادھو ریڈی، متعلقہ ایم آر او حسینہ بیگم، وقف بورڈ کے عہدیداروں عبدالقادر انجنیئر، ایم اے متین ، عظمت اللہ ، ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر حیدرآباد معصومہ بیگم، سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد خواجہ نعیم الدین کے علاوہ واٹر ورکس ، ٹرانسکو، فائر اور میڈیکل اینڈ ہیلت کے عہدیدار شریک تھے۔