عیدالاضحی پر مسجد میں دھماکہ، 25 جاں بحق

صنعاء ۔ 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک مسجد پر شیعہ نمازیوں کو نشانہ بنانے کیلئے کئے گئے بم دھماکہ میں کم و بیش 25 افراد جاں بحق ہوگئے۔ یہ اندوہناک واقعہ اس وقت رونما ہوا جب عیدالاضحی کے موقع پر نماز عید ادا کی جارہی تھی۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ بلیلی مسجد میں رونما ہوا جہاں صنعاء پر کنٹرول کرنے حوثی باغی نماز ادا کرنے کیلئے آتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مسجد کے اندر پہلے دھماکہ کے بعد ایک خودکش حملہ آور نے ڈیٹونیٹر سے خود کو مسجد کے باب الداخلہ پر اس وقت دھماکہ سے اڑا لیا جب مصلیان نماز ادا کرنے کے بعد مسجد میں دھماکہ ہوتے ہی باہر نکلنے کیلئے باب الداخلہ کی جانب لپکے۔ اس دھماکہ کی ذمہ داری دولت اسلامیہ گروپ شاخ یمن نے قبول کرلی ہے۔