عیدالاضحی شان و شوکت سے منائی جائے : مفتی مکرم

نئی دہلی 3 اکٹوبر (فیاکس) شاہی امام مسجد فتح پوری دہلی مفتی محمد مکرم احمد نے آج نماز جمعہ سے قبل خطاب میں مسلمانوں سے اپیل کی کہ عیدالاضحی کی نماز اجتماعی شان و شوکت کے ساتھ ادا کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ قربانی کے تین دن ہیں لیکن نماز کا ایک ہی وقت ہے لہذا نماز کی اہمیت اور اجتماعیت کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ یہ سال میں ایک نماز ہے اسے پوری شان سے ادا کریں۔ شاہی امام نے وزیراعظم کے بیان کیا خیرمقدم کیا جس میں اُنھوں نے امریکہ کے سفر کے دوران کہاکہ ہندوستان کا مسلمان القاعدہ کو ناکام کردے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ مسلمان ملک کے وفادار اور وطن پرست ہیں ملک میں مسلم نوجوانوں پر دہشت گردی کے الزام بے بنیاد اور غلط ہیں انکاؤنٹر میں شہید کیا گیا وہ بھی بے قصور تھے اور جو قید میں ہیں ان پر جلد مقدمات کی سماعت ہونی چاہئے تاکہ وہ بھی بری ہوسکیں۔ گجرات کے اکشردھام حملے کے ملزم (مسلمان) بھی بری ہوچکے ہیں۔ کرتا کوئی ہے اور بھرتا کوئی ہے۔ اصل مجرموں کو پکڑنے کی ضرورت ہے جو بھی دہشت گردی کرتا ہے ۔ راجپوت کمیٹی کی رپورٹ کے بارے میں اُنھوں نے کہاکہ مسلمانوں سے متعلق اس کی سفارشات پر عمل نہ کیا جائے چونکہ مسلم پرسنل لاء میں کسی تبدیلی کی گنجائش نہیں ہے۔