عیدالاضحی سے قبل شہر میں گھر گھر پلاسٹک بیاگس کی تقسیم

۔22 تا 24 اگست جی ایچ ایم سی حدود میں پلاسٹک کے استعمال پر امتناع سے استثنیٰ

تعفن کے انسداد اور صفائی کو
یقینی بنانے جی ایچ ایم سی کا اقدام

حیدرآباد۔19اگسٹ(سیاست نیوز) عیدالاضحی کے موقع پر صفائی کو یقینی بنانے کے سلسلہ میں کچہرے کو یکجا کرنے کیلئے پلاسٹک بیاگس کی تقسیم کی خصوصی اجازت حاصل کر لی گئی ہے اور اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ عیدالاضحی سے قبل تمام گھروں تک مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے خصوصی پلاسٹک بیاگس پہنچا دیئے جائیں تاکہ گندگی سڑکوں یا کنڈیوں پر نظر نہ آئے بلکہ ان پلاسٹک بیاگس کے ذریعہ منتقل کرنے میں آسانی ہو۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے گذشتہ دو برس سے پلاسٹک بیاگس تقسیم کرتے ہوئے عیدالاضحی کے موقع پر صفائی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس سال ان اقدامات کے امکانات موہوم ہوچکے تھے لیکن مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے 22تا24 اگسٹ پلاسٹک کے استعمال کی خصوصی اجازت حاصل کی ہے کیونکہ شہر حیدرآباد میں بلدیہ کی جانب سے پلاسٹک کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے اسی لئے اس بات کا خدشہ تھا کہ اس سال بلدیہ کی جانب سے پلاسٹک بیاگس کی تقسیم عمل میں نہیں لائی جائے گی لیکن ذرائع کے مطابق گذشتہ ہفتہ جی ایچ ایم سی نے اس خصوص میں راحت فراہم کی ہے لیکن اس کا مقصد صرف کچہرے کی منتقلی کی حد تک ہے اگر کچہرے کی منتقلی کے علاوہ دیگر مقاصد کیلئے پلاسٹک کا استعما ل کیا جاتا ہے تو احکامات کی خلاف ورزی کے مترادف ہوگا۔ بتایاجاتاہے کہ سابق کی طرح اس مرتبہ بھی منتخبہ عوامی نمائندوں اور ان کے کارکنوں کی جانب سے پلاسٹک بیاگس گھر گھر پہنچانے کے انتظامات کئے جائیں گے اور شہر حیدرآباد کی میں کچہرے کو یکجا کرتے ہوئے منتقل کرنے کے اقدامات کئے جانے کے امکانات ہیں۔ بلدی عہدیداروں کے مطابق شہر حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ جی ایچ ایم سی حدود میں قربانی دینے والوں کے پاس یہ بیاگ پہنچائے جائیں گے اوران بیاگس میں جمع کچہرے کو فوری طور پر منتقل کرنے کے سلسلہ میں ان آٹوٹپر کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں جو کچہرے کی منتقلی کا عمل انجام دیتے ہیں ۔ دونوں شہروں میںکچہرا کنڈی پر قربانی کی باقیات پھینکنے پر مکمل امتناع رہے گاکیونکہ اس سے بدبو و تعفن پھیلنے اور صفائی عملہ کو کراہیت ہوتی ہے اس کے علاوہ موجودہ موسم کے اعتبار سے اس طرح کی حرکت خود شہریوں کی صحت کے لئے انتہائی نقصاندہ ثابت ہوتی ہے۔ بلدی عہدیدارو ںکا کہناہے کہ اگر کسی وجہ سے جی ایچ ایم سی کی جانب سے تقسیم کئے جانے والے بیاگس شہریوں تک نہ پہنچ پائے تو بھی انہیں صفائی کا خصوصی خیال رکھتے ہوئے عید الاضحی کے موقع پر قربانی کی باقیات کچہرے کنڈی یا سڑک پر پھینکنے سے اجتناب کرنا چاہئے۔ عیدالاضحی کے موقع پر قربانی کے بعد صفائی کے سلسلہ میں مختلف تنظیموں اور محکمہ جات کی جانب سے بھی صفائی کا خصوصی خیال رکھنے کی اپیل کی جا رہی ہے۔