عیدالاضحی :بلدیہ کی جانب سے دیڑھ لاکھ پلاسٹک بیاگس کی تقسیم

قربانی کی باقیات کی فوری منتقلی کیلئے بھی اقدامات ۔ کمشنر جی ایچ ایم سی بی جناردھن ریڈی
حیدرآباد۔21اگسٹ(سیاست نیوز) عید الاضحی کے موقع پر مجلس بلدیہ حیدرآباد کی جانب سے دیڑھ لاکھ پلاسٹک بیاگس کی تقسیم عمل میں لائی جا رہی ہے جن میں 20ہزار پلاسٹک بیاگس کی تقسیم محکمہ پولیس کے ذریعہ عمل میں لائی جائیگی تاکہ قربانی کے بعد نکلنے والے کچہرے کو یکجا کرکے منتقل کیا جائے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے کہا کہ 1لاکھ 50 ہزار پلاسٹک بیاگس کی تقسیم کے علاوہ قربانی کے باقیات کی فوری منتقلی کیلئے 464 گاڑیاں رکھی گئی ہیں تاکہ کسی بھی مقام پر قربانی کا کچہرا باقی نہ رہے ۔ انہو ںنے مزید بتایا کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں جن علاقوں میں قربانی کی جاتی ہے ان علاقو ںمیں بلدی عملہ کی جانب سے پلاسٹک بیاگس کی تقسیم عمل میں لائی جائے گی اور عید الاضحی کے دن قربانی کے فوری بعد کچہرے سے بھرے پلاسٹک گھر گھر پہنچ کر حاصل کرلئے جائیں گے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا کرنا نہ پڑے۔ جی ایچ ایم سی نے عید الاضحی اور ایام قربانی کے دوران سڑکوں اور کنڈیوں سے کچہرے کی صفائی کیلئے بھی خصوصی انتظامات کئے ہیں اور اس مقصد کیلئے 246 کچہرا منتقل کرنے والی گاڑیوں کا انتظام کیا گیا ہے جن میں 35جے سی بی ‘ 54منی ٹپر‘ 108 ایسی گاڑیاں کو 10ٹن کچہرا بیک وقت منتقل کرسکتی ہیں ان کے علاوہ 46 ایسی گاڑیاں رکھی گئی ہیں جن کے ذریعہ بیک وقت 25 ٹن کچہرے کی منتقلی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شہر حیدرآباد کے بلدی حدود میں صفائی کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے پلاسٹک فری مہم کے دوران عیدالاضحی کے موقع پر پلاسٹک کے استعمال کی خضوصی اجازت فراہم کی گئی ہے اور مفت پلاسٹک کی تقسیم عمل میں لائی جا رہی ہے اسی لئے شہریو ںکو بھی چاہئے کہ وہ قربانی کی باقیات سڑکوں یا کچہرے کی کنڈی میں پھینکنے سے اجتناب کرتے ہوئے ان پلاسٹک کے تھیلوں میں کچہرا جمع کریں اور جی ایچ ایم سی کی جانب سے کچہرا وصول کرنے پہنچنے والے آٹو ٹپر کے حوالہ یہ پلاسٹک کے کچہرے سے بھرے تھیلے حوالہ کردیں تاکہ صفائی برقرار رہے اور جی ایچ ایم سی سے حاصل کی گئی پلاسٹک کے استعمال کی خصوصی اجاز ت کا بھی فائدہ ہو۔