مسلمان عملی نمونہ بن جائیں تو مصائب ختم ہوسکتے ہیں ،مختلف شخصیتوں کے پیامات
حیدرآباد 5 اکٹوبر (پریس نوٹ) اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے ریاست کے عوام خصوصاً حجاج کرام کو عیدالاضحی کی پُرخلوص مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عید ہر سال ایثار و قربانی کا درس دیتی ہے اور یہ پیام دیتی ہے کہ اہل ایمان، حق و صداقت کی راہ میں اپنے مفادات کو قربان کرنے اور سر خم تسلیم کرنے کا جذبہ پیدا کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ عید قربان سنت ابراہیمی کی ایسی یادگار ہے کہ ساری دنیا کے مسلمان ہر سال اس کا اعادہ کرتے ہیں۔ اللہ کی رضا کے آگے سر جھکانے کی ادا ، اللہ سبحانہ و تعالیٰ کو اس قدر پسند آئی کہ ان تمام اُمور کو حج کے مناسک میں شامل کردیا۔ ضرورت ہے کہ ہم بھی یہ جذبہ اپنی زندگی میں جاری و ساری کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ اگر آج بھی ابراہیمؑ سا ایمان پیدا ہوجائے تو جس طرح آتش نمرود گلزار بن گئی تھی اسی طرح اُمت مسلمہ پر مصائب و مشکلات آسان ہوجائیں گے۔
٭ مولانا حافظ پیر شبیر احمد ایم ایل سی صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھراپردیش نے عامۃ المسلمین کو عیدالاضحی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عید ہم کو درس دیتی ہے کہ ہم اللہ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کی رضا کے آگے سر جھکادیں اور اللہ و رسول ﷺ کے احکام کے آگے اپنے نفس، اپنی انا اور اپنی عقل و فہم اور اپنی مرضی کی قربانی دیں اور اللہ کی رضا کے لئے ہر کام کرنے کا عہد کریں۔ اگر ہم دین اور دنیا میں کامیابی اور سرخروئی چاہتے ہیں تو ہم کو پھر اپنی مرضی کو ختم کرتے ہوئے صرف اللہ اور اس کے حبیب ﷺ کی مرضی کو مقدم رکھنا ہوگا۔ صرف اسی صورت میں ہم کامیاب ہوں گے۔ قربانی، حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت ہے جو ہر سال ہم کو رضائے الٰہی کے آگے سر جھکانے اور اپنے نفس کی قربانی دینے کا درس دیتی ہے۔
٭ جناب محمد رشادالدین سٹی سکریٹری جماعت اسلامی ہند شہر حیدرآباد نے عامۃ المسلمین کو عید کی مبارکباد پیش کی اور کہاکہ عیدالاضحی ہم کو ابراہیمی مشن کے تقاضوں کو پورا کرنے کا جذبہ عطا کرتی ہے۔ اس موقع پر ہم کو عزم کرنا چاہئے کہ ہندوستان کے 100 کروڑ سے زائد باشندگان وطن تک ابراہیمی پیغام پہنچائیں گے۔ اس موقع پر مسلمانوں سے اپیل کی کہ صاف ستھرائی کا خیال رکھیں۔