عیدالاضحی اور گنیش تہوار پولیس انتظامیہ کے لیے تشویش اور پریشانی کا باعث

اتفاقی واقعات پر بھی مسائل پیدا ہونے کے اندیشے ۔ پولیس کی جانب سے احتیاطی اقدامات
حیدرآباد۔29اگسٹ (سیاست نیوز) عیدالاضحی اور گنیش تہوار شہری پولیس انتظامیہ کیلئے تکلیف و تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے کیونکہ عیدالاضحی کے بعد گنیش نمرجن ہوگا اور عید کے بعد 4دن تک گنیش پنڈال لگے رہیں گے اور اگر اتفاقی طور پر کسی جانور کا کوئی حصہ کتا وغیرہ پنڈال کے پاس لیجاتا ہے تو ایسی صورت میں کئی مسائل پیدا ہو سکتے ہیں ۔ شہر کے فرقہ وارانہ ماحول کو بہتر اور امن و ضبط کی برقراری کو ممکن بنانے اقدامات کے متعلق بتایا جاتا ہے کہ پولیس کی جانب سے گنیش پنڈال آرگنائزر س کو صورتحال سے واقف کروایا جارہا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ وہ ان حالات میں احتیاط سے کام لیں اور آوارہ کتوں کو پنڈالوں کے قریب نہ آنے دیں ۔ محکمہ پولیس کی جانب سے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد سے بھی خواہش کر رہی ہے کہ وہ شہر میں کچہرے کی فوری صفائی کے علاوہ شہر میں آوارہ کتوں کو ختم کرنے کی خصوصی مہم چلائی جائی۔ اس کے علاوہ پولیس کی جانب سے گنیش پنڈالوں کے قریب سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے علاوہ عیدالاضحی کے فوری بعد جانور کی باقیات کو تلف کرنے کی تلقین کی جا رہی ہے اور شہر میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں۔ شہر حیدرآباد کے کئی علاقوں میں جانور کی باقیات جو تلف کرنے کیلئے کچہرے میں پھینکی جاتی ہیں وہ دو یوم تک یوں ہی پڑی رہنے کے سبب بدبو و تعفن تو پھیلتا ہی ہے لیکن اس کے علاوہ شہر میں موجود آوارہ کتے ہڈی یا کوئی ایسی شئے لے جاتے ہیں جو وہ ان کی غذاء ہوتی ہے اسی لئے کچہرے کی صفائی پر بھی خصوصی توجہ دیئے جانے کی ضرورت ہے ۔ گذشتہ دو برسوں سے محکمہ پولیس اس مسئلہ سے دو چار ہے اور خصوصی توجہ دیتے ہوئے اس مسئلہ سے نمٹنے کی کوشش میں بڑی حد تک کامیابی حاصل کی گئی ہے لیکن اس سال مزید احتیاط کیا جا رہا ہے ۔ بتایاجاتاہے کہ محکمہ پولیس کی جانب سے عیدالاضحی کے موقع پر صفائی کے انتظامات کو ممکن بنانے کے لئے عوامی شعور بھی بیدار کیا جا رہا ہے اور سماجی خدمات میں مصروف تنظیموں کی جانب سے شعور بیداری ریالی کے علاوہ ان کی مدد سے قربانی کے فوری بعد فی الفور صفائی کو ممکن بنانے کی مہم چلانے پر بھی غور کیا جا رہاہے کیونکہ پولیس کو خدشہ ہے کہ کہیں اگر کوئی جانور کی جانب سے کوئی گوشت یا ہڈی کا ٹکڑا غلطی سے گنیش پنڈال تک پہنچ جاتا ہے تو ایسی صورت میں بڑی غلط فہمی کے سبب صورتحال قابو سے باہر ہوجائیگی اسی لئے ہر طرح کی احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں۔