عیدالاضحی اور گنیش تہوار میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھیں

فرقہ پرستوں کی سازشوں سے ہوشیار رہیں ، میر عنایت علی باقری
حیدرآباد۔30اگست(سیاست نیوز)چیرمن سٹ ون میرعنایت علی باقری نے تلنگانہ کی عوام سے بقرعید اور گنیش تہوار پر فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ۔ آج یہا ںسٹ ون دفتر میں باقری نے کہاکہ علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد علاقہ میںفرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ ملا ہے جبکہ شہر حیدرآباد اور ریاست کے مختلف حصو ں میںفسطائی طاقتیں ہمارے امن وامان کومتاثر کرنے کی نت نئی سازشیں کررہے ہیںمگر چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو کی سیکولر سونچ او ردواندیشی فسطائی طاقتوں کے عزائم کو ناکام بنانے میںمددگار ثابت ہورہی ہے ۔ کچھ لوگ آصف جاہ سابع کی شبہہ کو مسخ کرکے پیش کرتے ہوئے فلمیں بنارہے ہیں تاکہ ان فلموں کے ذریعہ ریاست کے امن سکون کو خراب کیاجاسکے۔ مگر عوام کا بھروسہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو کی سونچ وفکر کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔ اس لیے قدیم گنگا جمنی تہذیب کے ساتھ کسی بھی قسم کا کھلواڑ ناقابل برداشت ہوگا۔ جناب میرعنایت علی باقری نے کہا کہ پچھلے سال بھی عیدالاضحی اور گنیش تہوار ایک ساتھ آیاتھا مگر ریاست کے مسلم او رہندوئوں بھائیوں نے بہترین اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرقہ پرست طاقتوں کے منصوبوں کو ناکام بنادیا تھا۔ اس بار بھی فسطائی طاقتیں الگ الگ انداز میںہمارے اتحاد واتفاق کو نشانہ بنانے کی کوششیں کررہے ہیںجس کو ناکام بنانے کی ذمہ داری بھی ہم پر عائد ہوتی ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عید الاضحی کے موقع پر صفائی کا خاص خیال رکھیں ۔ پاکی اور صفائی مذہب اسلامی کی بنیادی تعلیمات کاحصہ ہے اور اس پر عمل کرتے ہوئے ہمارے دیگر ابنائے وطن کوقربانی کے حقیقی مقصد سے واقف کروائیں ۔ بلدیہ گریٹر حیدرآباد کی جانب سے پلاسٹک کی تھیلیاں بھی سربراہ کی جارہی ہیںتاکہ اس میںقربانی کے جانور کا فضلہ ڈال کر بلدی عملے کے حوالے کریں اور بلدیہ گریٹر حیدرآباد کے عملے کا مکمل تعاون کریں ۔