جدہ ۔ 22 ۔ جولائی : ( ای میل ) : 21 جولائی کی شام جدہ میں منعقدہ ایک تقریب میں انٹرنیٹ پر جاری کردہ ڈاکٹر علیم خاں فلکی کی تازہ تحقیقی تصنیف ’ عہد حاضر کا ایک اہم ترین جہاد ۔ جس شادی میں لڑکی والوں سے جہیز یا کھانا لیا جائے اس کا بائیکاٹ ‘ کی جناب سلیم فاروقی جنرل سکریٹری اردو اکیڈیمی جدہ کے ہاتھوں رسم اجراء عمل میں آئی ۔ مصنف ڈاکٹر علیم خاں فلکی نے اپنے خطاب میں کہا کہ عہد حاضر کی شادیوں کی اکثریت اسراف و تبذیر پر ہے جن کے بائیکاٹ کی نہ صرف اجازت بلکہ حکم ہے ۔ ایسی شادیوں میں شرکت کرنا جہاں جہیز لیا جارہا ہو اور رسم و رواج کے نام پر یا ’ خوشی سے لینے اور دینے ‘ کے نام پر لڑکی والوں کو زیر بار کیا جارہا ہو ، شریعت کی خلاف ورزی ہے جو لوگ ایسی شادیوں میں محض تعلقات یا رشتہ داریوں کی مجبوری کی وجہ سے شرکت کرتے ہیں وہ پورے معاشرے میں ایک ایسے فتنے کو پروان چڑھانے میں مدد کررہے ہیں جس کی وجہ مسلمانوں میں افلاس اور غیر اخلاقی ذرائع آمدنی بڑھانے کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے ۔
لڑکیاں غلط راستوں پر جاری ہیں ۔ لڑکی کے بھائی جس سرمایہ سے کاروبار کر کے کئی لوگوں کا روزگار پیدا کرسکتے ہیں وہ اس پیسے کو جہیز اور کھانوں میں خرچ کرنے کی مجبوری کی وجہ سے معمولی معمولی پیشے اختیار کر کے ساری زندگی غربت و افلاس میں گزار رہے ہیں ۔ وہ اپنے بچوں کو اچھے اسکولوں میں نہیں پڑھا سکتے ۔ والدین اپنے بڑھاپے کی بچت کو جہیز میں خرچ کر کے آخری عمر میں کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں ۔ علیم خاں فلکی نے اس بات پر زور دیا کہ ایسی شادیوں کا بائیکاٹ کیا جائے ۔ جہیز کے خلاف مہم میں کئی سال سے سرگرداں جناب سلیم فاروقی نے کہا کہ یہ صرف چند ایک ریاکار پیسے والوں کی وجہ سے سارا معاشرہ خراب ہورہا ہے ۔ حافظ شیخ حسین نے کہا کہ الحمدﷲ صالح علماء کا طبقہ آج اس بائیکاٹ کی مہم کے ساتھ ہے ۔ علماء اور فقہاء کا اجماع اس بات پر ہے کہ جہیز حرام ہے کیوں کہ اس میں اسراف ، تبذیر ، بھیک ، غیر قوم کی نقل ، قرآن کے حکم کی خلاف ورزی اور فتنہ پروری کے عناصر شامل ہیں ۔ انہوں نے دیگر علماء و مشائخین سے اپیل کی کہ امت کی اخلاقی اور معاشی حالت کو سدھارنے کے لیے آگے آئیں اور ایسی دعوتوں کا بائیکاٹ کریں ۔ قاری محمد عباس خان نائب صدر خاک طیبہ ٹرسٹ جدہ نے کتاب پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ دیگر مسلم ممالک کی طرح اگر ہند و پاک کے عوام بجائے شادی اور ولیمہ کی دو الگ الگ دعوتوں میں لاکھوں روپیہ لٹانے کے بجائے رخصتی کے دن ہی ولیمہ دیں تو اس میں نہ صرف پیسے کی بلکہ وقت کی بچت ہوگی ۔ ڈاکٹر سعید ہارون نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔ جو حضرات اسے ای میل پر حاصل کرنا چاہتے ہیں وہ aleemfalki@yahoo.com پر ربط کریں ۔۔