عہدیداروں کے کیڈر اسٹرکچر کی تنظیم جدید کیلئے کمیٹی کی تشکیل

ونود کمار اگروال اور جے ریمنڈ پیٹر کی کمیٹی میں شمولیت ، چیف سکریٹری کے احکامات
حیدرآباد ۔/19 فبروری ، ( سیاست نیوز)تلنگانہ حکومت نے ریاست کی ضروریات کے مطابق مختلف سطح کے عہدیداروں کے کیڈر اسٹرکچر کی تنظیم جدید کیلئے عہدیداروں پر مشتمل کمیٹی قائم کی ہے۔ یہ کمیٹی مختلف زمروں میں عہدیداروں کے کیڈر کا تعین کرے گی اس سے مختلف محکمہ جات میں عہدیداروں کی ضرورت کی تکمیل ہوگی۔ چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے مطابق اس کمیٹی میں 5 آئی اے ایس عہدیداروں کو شامل کیا گیا ہے۔ مسٹر ونود کمار اگروال پرنسپال سکریٹری رجسٹریشن اینڈ اسٹامپس، وی ناگی ریڈی پرنسپال سکریٹری فینانس، جے ریمینڈ پیٹر پرنسپال سکریٹری پنچایت راج، بی رام مینا پرنسپال سکریٹری ریونیو اور آدھر سنہا پرنسپال کمشنر لینڈ اڈمنسٹریشن کو کمیٹی میں شامل کیا گیا۔ یہ کمیٹی جلد از جلد حکومت کو اپنی رپورٹ پیش کردے گی۔ واضح رہے کہ نئی ریاست تلنگانہ میں مختلف زمرے کے عہدیداروں کی کمی محسوس کی جارہی ہے لہذا یہ کمیٹی نہ صرف زمرہ جات بلکہ کیڈر کے ڈھانچہ میں تبدیلی کیلئے حکومت کو سفارشات پیش کرے گی۔