تلنگانہ گزیٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشن کا احتجاج، سرینواس گوڑ کا خطاب
حیدرآباد۔3ستمبر(سیاست نیوز) مرکزی اداروں کے تحت خدمات انجام دینے والے سرکاری اور آئوٹ سورسنگ ملازمین کے ساتھ مرکزی حکومت کے معاندانہ رویہ اور مرکزی حکومت کی نئی پنشن اسکیم (سی پی ایس) کے خلاف ٹریڈ یونین تنظیمو ں کی معلنہ ہڑتال کے پیش نظرتلنگانہ گزیٹیڈ آفیسرس اسوسیشن سنٹراور سٹی کمیٹی کی جانب سے وقفہ لنچ کے دوران حیدرآباد کلکٹریٹ دفتر پر بڑے پیمانے کا احتجاجی دھرنا منظم کیا گیا جس میں رکن اسمبلی محبو ب نگر و چیرمن ٹی جی اوز سرینواس گوڑ کے علاوہ ٹی این جی اوز کے اعزازی صدر دیوی پرساد‘ صدر کارم رویندر ریڈی‘ گریٹر حیدرآباد صدر ایس ایم حسینی مجیب‘ ٹی این جی اوزجنرل سکریٹری شعبہ خواتین راچیل اورٹی جی اوز گریٹر حیدرآباد صدر ایم بی کرشنا یادو کے بشمول سینکڑوں سرکاری ملازمین نے اس احتجاجی دھرنے میںحصہ لیا۔ سرینوا س گوڑ نے کہاکہ ٹریڈ یونینوں کی ہڑتال کا مقصد ہی سرکاری ملازمین کے ساتھ عام شہریوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیو ں کوروکنا ہے۔ دیوی پرساد نے کہاکہ ریاست تلنگانہ کے اداروں میں خدمات انجام دینے والے سنٹرل یونین ایمپلائز کے ساتھ کسی بھی قسم کی ناانصافی ٹی این جی اوزکیلئے ناقابلِ برداشت ہوگی۔ انہوں نے مزیدکہاکہ جہاں پر سرکاری ملازمین کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے وہیں پر تلنگانہ کے سرکاری ملازمین کو ریاست کی تقسیم کے بعد بھی آندھرائی علاقوں میںکام کرنے پر مجبور کیاجارہا ہے۔ انہوں نے عہدیداروں کے تقررات میںبھی رکاوٹیں کھڑی کرنے کا مرکز پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ علاقائی سطح پر عہدیداروں کے تقررکے لئے جس جدوجہد کا آغا ز کیاگیا تھا اس کی کامیابی کے بعد بھی علاقہ تلنگانہ کے سرکاری ملازمین آندھرامیںکام کرنے کے لئے مجبو ر ہیں۔ جناب ایس ایم حسینی مجیب نے آندھرا میںخدمات انجام دینے والے تلنگانہ کے سرکاری ملازمین کی واپسی کا مرکزی حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ ٹی این جی اوز کی جانب سے اس ضمن میںمرکزی حکومت کی تشکیل کردہ مختلف کمیٹیوں سے نمائندگی کے باوجود تلنگانہ کے سرکاری ملازمین کی آندھرا سے واپسی ممکن نہیںدیکھائی دے رہی ہے۔