حیدرآباد /29 جنوری (سیاست نیوز) ادارہ سیاست حیدرآباد گم گشتہ تاریخ، تہذیب، ثقافت، ادب اور طرز معاشرت کی بازیافت میں ہمیشہ پیش پیش رہا ہے۔ حالیہ چند برسوں میں علامہ اعجاز فرخ اور جناب زاہد علی خاں کی مشترکہ کاوشوں کے نتیجے میں گلمسز آف دی نظامس ڈومنین جیسی قیمتی کتاب، تقریباً 600 تصاویر پر مشتمل عکس حیدرآباد اور مطبخ آصفیہ نے تحقیق اور بازیافت کی راہ میں نئے سنگ میل قائم کئے ہیں۔ علامہ اعجاز فرخ کی تصانیف خامہ خوں چکاں اپنا اور حیدرآباد شہر نگاراں بھی ادارہ سیاست کی اہم مطبوعات میں شامل ہیں۔ اس ضمن میں عکس حیدرآباد البم کی دوسری کڑی جو مزید تقریباً 600 تصاویر پر مشتمل ہوگی، ادارہ سیاست نے شائع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس البم میں حیدرآباد کے محلات، دیوڑھیاں، پروقار عمارتیں، شہر، راستے، ذرائع حمل و نقل، مدارس، جامعہ عثمانیہ، دور آصفیہ کی مختلف عوامی تعمیرات کے ساتھ پولیس ایکشن کی نادر تصاویر شامل کی جا رہی ہیں۔ علامہ اعجاز فرخ کی اس گراں قدر تحقیق و جستجو کے نتیجے میں عکس حیدرآباد جلد اول اور دوم اہل ذوق کے لئے بیش قیمت تحفہ ثابت ہوں گے۔ عکس حیدرآباد کی پہلی جلد اپنی اشاعت کے دوسرے مہینہ میں مکمل فروخت ہوچکی ہے، اب اس کا دوسرا حصہ توقع ہے کہ ادارہ سیاست کے معیاری اہتمام کے ساتھ /10 مارچ تک شائع ہو جائے گا۔
ممتاز کالج اسٹڈی سنٹر پر
اردو یونیورسٹی کے امتحانات
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جنوری : ( راست ) : کوآرڈینٹر ممتاز کالج اسٹڈی سنٹر ملک پیٹ ذاکر مرزا کی اطلاع کے بموجب مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی حیدرآباد کے سال دوم اور سال سوم بی اے ، بی کام اور بی ایس سی سال سوم اور ایم اے سال دوم کے سالانہ امتحانات کا انعقاد سنٹر ہذا پر یکم فروری سے عمل میں آرہا ہے ۔ امتحان کے اوقات صبح 10 بجے تا ایک بجے دوپہر اور شام 2 تا 5 بجے ہوں گے ۔ جن طلباء کو ہال ٹکٹ نہ ملا ہو وہ سنٹر ہذا پر جناب صلاح الدین سے ربط کریں اور بہ پابندی وقت امتحان میں شرکت کریں ۔۔