عکس حیدرآباد البم کا دوسرا حصہ عنقریب منظر عام پر

حیدرآباد /5 مارچ (سیاست نیوز) ادارہ سیاست نے شہر حیدرآباد کے شاندار خدوخال اور رئیس تہذیب پیش کرنے میں ہمیشہ نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ حیدرآباد کے پرشکوہ محل، دیوڑھیاں، اندرونی آرائش و زیبائش نہ صرف اس عہد کی نمائندگی کرتی ہیں، بلکہ ان کے مکینوں کے اعلی ذوق کی بھی نشاندہی کرتی ہیں۔ ان کے علاوہ وسیع شاہراہیں، بازار، مدارس، کالج، جامعہ، ذرائع حمل و نقل، بلدی سہولتیں، ذخائر آب، یہ سب حیدرآباد کو ملک بھر میں ممتاز کرتے ہیں۔ علامہ اعجاز فرخ کی سخت جانفشانی اور جناب زاہد علی خاں کی ہم نشینی نے گم گشتہ حیدرآباد کی بازیافت میں اہم حصہ ادا کیا ہے۔ اس سے قبل تقریباً 600 تصاویر پر مشتمل عکس حیدرآباد کا حصہ اول سیاست نے شائع کیا تھا، جو اب ناپید ہو چکا ہے۔ اسی سلسلے کا یہ دوسرا حصہ باقی 600 تصاویر پر مشتمل شائع کیا جا رہا ہے۔ یہ دونوں البم مل کر حیدرآباد کی بازیافت کا اہم حصہ ثابت ہوں گے۔ 10X15 انچ، 170 فی مربع میٹر کا درآمد کردہ آرٹ پیپر، ملٹی کلر پرنٹنگ، دیدہ زیب جلد کے ساتھ یہ البم عنقریب منظر عام پر آرہا ہے۔ سابق کی طرح یہ البم بھی محدود شائع کیا جا رہا ہے، تاکہ صرف خوش ذوق حضرات تک پہنچ سکے۔ شائقین مایوسی سے بچنے کے لئے 500 روپئے پیشگی دفتر سیاست پر جمع کرواکر اپنی کاپی محفوظ کروالیں۔ درکار تعداد محفوظ ہونے کے بعد بکنگ بند کردی جائے گی۔

عابد علی خاں ایجوکیشنل ٹرسٹ کے امتحانی نتائج
حیدرآباد ۔ 5 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : عابد علی خاں ایجوکیشنل ٹرسٹ کے زیر اہتمام ادارہ ادبیات اردو پنجہ گٹہ کے ابتدائی تین درجات اردو دانی ، اردو زبان دانی اور انشاء کے امتحانات منعقدہ 19 جنوری 2014 کے نتائج کا اعلان دفتر سیاست سے کردیا گیا ۔ تمام شہر حیدرآباد ، سکندرآباد اضلاع و پڑوسی ریاستوں کے سنٹرز کے صدور ، معتمدین اور اساتذہ و ٹیچرز ذمہ داران سنٹرز دفتر کے اوقات 11 تا 5 بجے دن انچارج محمد حبیب الرحمن سے اسناد حاصل کرلیں اور ساتھ ہی آئندہ امتحانات منعقد شدنی جون 2014 کی تیاری کیلئے کتابیں اور فارمس مفت حاصل کریں ۔ جو طلباء انشاء کا امتحان پاس کیا ہے ادارہ ادبیات اردو کے دفتر سے نصف فیس پر اردو ماہر کا امتحان دینے کے اہل ہیں ۔ تفصیلات کیلئے 9290680532 ۔ 9553556260 پر ربط کریں ۔۔