عکس حیدرآباد البم دوسرا حصہ، عنقریب منظر عام پر

حیدرآباد کی بازیافت میں جناب زاہد علی خاں اور علامہ اعجاز فرخ کی کاوش

حیدرآباد /18 مارچ (سیاست نیوز) حیدرآباد صرف ایک شہر ہی نہیں، بلکہ ایک مکمل تہذیب ہے۔ تمدن، روایات اور شاندار ثقافت کا بے مثال نمونہ ہے، جو عالم میں اپنی مثال آپ ہے۔ بدلتے وقت کے ساتھ اپنے ورثہ سے تغافل اور مفادات حاصلہ نے ماضی کے نقوش بگاڑنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ ادارہ سیاست نے حیدرآباد کے شاندار ماضی کی تصاویر کو محبان حیدرآباد تک پہنچانے کا بیڑا اٹھایا ہے، اس سلسلے میں حیدرآباد کی مایہ ناز شخصیت علامہ اعجاز فرخ کی شب و روز کی کاوش اور جناب زاہد علی خاں مدیر سیاست کی خوش ذوقی کے نتیجے میں عکس حیدرآباد کا حصہ دوم، جو تقریباً 600 تصاویر پر مشتمل ہے، اپریل میں منظر عام پر آرہا ہے۔ حیدرآباد کے محل، دیوڑھیاں، شاہراہیں، فصیل بند شہر کے دروازے، پل، عوامی عمارتیں، ہوائی اڈہ، ریلوے اسٹیشن، شہر کے قدیم مناظر، مساجد، منادر، گرجے، مقبرے، تاجر، پولیس ایکشن، آصفیہ خاندان، مرصع تہذیب، اندرونی آرائش و زیبائش پر مشتمل یہ البم حیدرآباد سے محبت کرنے والوں کے لئے ایک بیش قیمت تحفہ ثابت ہوگا۔ عکس حیدرآباد حصہ اول کی تمام کاپیاں اس کی اشاعت کے ایک ماہ کے اندر ختم ہو چکی تھیں۔ خواہش مند حضرات 31 مارچ تک اپنی کاپی 500 روپئے پیشگی ادا کرکے دفتر سیاست پر محفوظ کروالیں۔ صرف خوش ذوق قارئین کے لئے محدود شائع کی جا رہی ہے۔