عورتوں پر ظلم و جبر ہندوستان کا سرفہرست ہونا باعث شرم ،’’خواتین پر تشدد ہوتا رہا اور وزیراعظم باغ میں یوگا کا ویڈیو بناتے رہے!‘‘

نئی دہلی۔26 جون (سیاست ڈاٹ کام) خواتین کے ساتھ ظلم و جبر کے حوالے سے ایک تازہ رپورٹ پر جس میں کہا گیا ہے کہ ہندستان عورتوں کے لئے انتہائی خطر ناک ملک ہے کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کو زد میں لیا اور کہا کہ یہ بات موجبِ شرم ہے کہ ہندستان خواتین کی آبروریزی اور ان پر تشدد کرنے والے افغانستان، شام اور سعودی عرب جیسے ملکوں میں سر فہرست ہے ۔سوشل میڈیا پر مسٹر گاندھی نے کہا کہ ”ہمارے وزیر اعظم جہاں اپنے باغ میں چپ چاپ یوگا کا ویڈیو بنا رہے ہیں وہی عورتوں پر تشدد اور ان کی آبروریزی کے معاملات میں ہندستان افغانستان، شام اور سعودی عرب جیسے ملکوں کی فہرست میں سب سے اوپر ہے ۔ یہ ملک کے لئے کتنی شرم کی بات ہے ”۔مسٹر گاندھی نے متعلقہ خبر کو بھی اپنے پوسٹ کا حصہ بنایا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ امور خواتین کے 550 ماہرین پر مشتمل تھامسن رائٹرز فاؤنڈیشن کے سروے کے مطابق ہندستان عورتوں پر جنسی زیادتی کے معاملے میں انتہائی خطر ناک ملک ہے جہاں عورتوں کو زبردستی خادمہ، مزدور، جنسی غلام بننے کے علاوہ شادی کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے ۔رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بعض ثقافتی روایات کے عورتوں پر پڑنے والے اثرات کے لحاظ سے بھی ہندستان دنیا کا ایک خطرناک ملک ہے ۔ان ثقافتی رسومات میں تیزاب پھینکنے کے واقعات، کم عمر کی شادیاں، اور جسمانی تشدد کے واقعات شامل ہیں ۔