حیدرآباد ۔ 2 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : آپ نے محسوس کیا ہوگا کہ چند دنوں قبل تک بھی اپ کے محلے اور بس اسٹاپ پر آر ٹی سی بسوں کی اچھی خاصی تعداد لمحہ بہ لمحہ گذرتی نظر آرہی تھی لیکن اب اس تعداد میں غیر محسوس طریقہ سے کمی دیکھی جارہی ہے ۔ اس کی وجہ کیا ہے ؟ سیدھی سی بات یہ ہے کہ آر ٹی سی نے اپنے فائدے کے گراف کو بہتر بنانے کے لیے جو خاموش اقدامات کرلیے ہیں ۔ ان میں آر ٹی سی بسوں کی تعداد کو کم کرلینا ہے تاکہ کم بسوں میں مسافرین کی تعداد صد فیصد سے زیادہ ہوجائے اور خود بخود آمدنی کا گراف بلندی کو چھو لے ۔ محکمہ آر ٹی سی کے تجزیاتی مطالعہ کے بعد یہ حقائق سامنے آچکے ہیں کہ گذشتہ 4 برسوں کے دوران 4 ہزار سے زیادہ ملازمین سبکدوش ہوچکے ہیں اور نئے تقررات نہیں کئے گئے جس کی وجہ سے ان ملازمین کی تنخواہیں بھی بچ رہی ہیں ۔ حالیہ دنوں میں وزیر ٹرانسپورٹ پی مہیندر ریڈی نے کہا کہ 27 ایسے ڈپوز ہیں جنہوں نے آمدنی اور فائدہ درج کرنا شروع کردیا ہے جب کہ 56 ڈپوز ایسے ہیں جنہوں نے اپنے خسارے کو کم کرلیا ہے لیکن یہ کیسا ہوا؟ سب سے پہلے تو سبکدوش ملازمین کے مقام پر نئے تقررات نہ کرتے ہوئے تنخواہیں بچا لی گئی ہیں جب کہ بسوں کی تعداد کو کم چلاتے ہوئے کم بسوں میں زیادہ مسافرین کو سوار کیا جارہا ہے تاکہ آمدنی کا گراف بڑھ جائے اس کے علاوہ تیسرا طریقہ کار یہ اختیار کیا گیا ہے کہ نئی بسوں کی خریداری کے بجائے ڈپوز میں بسوں کو کرایوں پر حاصل کیا جارہا ہے ۔ ایمپلائز یونین جنرل سکریٹری کے راجی ریڈی نے کہا کہ کرایوں پر حاصل کی جانے والی بسوں کی تعداد گذشتہ 4 برسوں میں دگنی ہوئی ہے ۔ متحدہ ریاست آندھرا پردیش میں کرایوں پر حاصل کردہ بسوں کی تعداد 1200 تھی لیکن اب علحدہ ریاست تلنگانہ میں ہی 2400 بسیں کرایوں پر چل رہی ہیں ۔ ریڈی نے مزید کہا کہ پہلے ٹنڈرس کی میعاد ختم ہونے کے بعد نیا اعلامیہ جاری کیا جاتا تھا لیکن اب موجودہ معاہدوں کی ہی تجدید کردی جارہی ہے ۔ بسوں کی تعداد کم چلانے کا حوالہ دیتے ہوئے ذرائع نے کہاکہ سابق میں ممبئی کے لیے 24 سرویس دستیاب تھیں لیکن اب صرف 4 بسیں ہی ممبئی حیدرآباد کی منزل طئے کررہی ہیں ۔ عوام کے مسائل کو نظر انداز کرتے ہوئے محکمہ کو مالی فوائد پہنچانے کے لیے غیر اخلاقی طریقے اختیار کیے جارہے ہیں ۔۔
اردو آفیسرس تقررات کا ماڈل ٹسٹ اور دو روزہ ورکشاپ
حیدرآباد ۔ 2 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : اردو آفیسرس کے تقررات کے لیے 20 مئی کو ہونے والے امتحانات کے ضمن میں چوتھا ماڈل ٹسٹ سیاست گولڈن جوبلی ہال عابڈس پر اتوار کو دو بجے تا 5 بجے رکھا گیا ہے ۔ اس مرتبہ 75 نشانات کا ایک پرچہ اور 125 نشانات کا دوسرا پرچہ دونوں دئیے جائیں گے ۔ گائیڈنس لکچر کے بعد اس کی کلید جوابات دئیے جائیں گے ۔ امیدوار استفادہ کریں ۔۔