حیدرآباد ۔28نومبر ( سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش چندرا بابو نائیڈو نے بینکروں کے عوام کے ساتھ رویہ پر برہمی کا اظہار کیا اور بینکروں پر زور دیا کہ وہ اپنے رویہ میں تبدیلی لانے پر توجہ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر بینکرس اپنے طرز عمل کو تبدیل نہ کریں تو انہیں عوام کی جانب سے سبق سکھایا جائیگا ۔ عوام کے ساتھ بینکروں کے طرز عمل سے متعلق مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی سے چندرا بابو نائیڈو نے شکایت کی ۔ چیف منسٹر نے آج پنشنرس اور سرکاری ملازمین کو تنخواہیں اور وظائف کی ادائیگی کے مسئلہ پر بینکروں کے ساتھ جائزہ اجلاس طلب کیا تھا ۔ اجلاس میں موجودہ حالات پر غوروخوص کیا گیا ۔ عہدیداروں نے واقف کروایا کہ سرکاری ملازمین کو آن لائن تنخواہیں ادا کرنے اقدامات کئے جائیں گے جبکہ پنشنرس کیلئے 400کروڑ روپئے کی ضرورت ہے ۔ پنشنرس کو تکلیف سے بچانے کی نائیڈو نے بینکروں کو ہدایات دیں ۔ علاوہ ازیں مزید ایک ہزار کروڑ روپئے ریاست کیلئے مختص کرنے آر بی آئی کو مکتوبات روانہ کرنے ‘چیف منسٹر نے عہدیداران فینانس سے خواہش کی ۔ اس موقع پر چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے بینکرس سے کہا کہ ایسے پنشنرس جن کے بینک اکاؤنٹس نہیں ہیں ان کیلئے فی الفور جن دھن بینک اکاؤنٹس کھلوانے کیلئے اقدامات کریں۔