حیدرآباد ۔ 26 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب عامر علی خاں نے کہا کہ کیرو پراکٹک طریقہ علاج نہ صرف حیدرآباد بلکہ دنیا کے مختلف ممالک میں رائج ہے اور اس علاج سے دنیا کے تمام عوام استفادہ کررہے ہیں ۔ جناب عامر علی خاں آج ادارہ سیاست و پالمیر یونیورسٹی ایواڈیون پورٹ امریکہ اور اعظم ہاسپٹل کے تعاون سے عابد علی خاں آئی ہاسپٹل دارالشفاء میں 26 تا 28 فروری کیرو پراکٹک میڈیکل کیمپ کے افتتاح کے موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی مخاطب تھے ۔ اس موقع پر کوآرڈینٹر کیمپ ڈاکٹر سید غوث الدین نے کیروپراکٹک ڈاکٹروں کی ٹیم کا خیر مقدم کیا ۔ جناب عامر علی خاں نے اپنی سلسلہ تقریر کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ادارہ سیاست کی جانب سے گذشتہ 16 سال سے شہر حیدرآباد میں مفت کیروپراکٹک کیمپ کا سال میں دو مرتبہ انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ سیاست نہ صرف سماجی ، ادبی اور ملی خدمات انجام دے رہا ہے بلکہ یہاں کی عوام کو طبی میدان میں بھی سہولتوں کی فراہمی میںاہم رول ادا کررہا ہے اور عوام کی صحت بخش زندگی کیلئے بھی ’’سیاست‘‘ مصروف خدمت ہے ۔ جناب عامر علی خاں نے چیرمین بورڈ آف نیوٹریشن پالمیر یونیورسٹی پروفیسر معین انصاری اور محترمہ شاہدہ انصاری سے اظہار تشکر کیا جن کے تعاون اور نگرانی میں کیرو پراکٹک ٹیم ہندوستان کے مختلف مقامات کے علاوہ شہر حیدرآباد کے عوام کو درپیش طبی مسائل کو بھی حل کررہی ہے ۔ اس موقع پر محترمہ شاہدہ انصاری ( امریکہ ) نے سہ روزہ کیرو پراکٹک میڈیکل کیمپ کا افتتاح انجام دینے کے بعد مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے کیرو پراکٹک ڈاکٹرس جذبہ خدمت خلق کے تحت امریکہ سے ہزاروں کیلومیٹر کے فاصلہ پر واقع حیدرآباد آکر یہاں کے عوام کی طبی خدمات انجام دے رہے ہیں جو ایک انتہائی مستحسن اقدام ہے اور کہا کہ کیرو پراکٹک ڈاکٹرس کا مشن عوام کو صحت مند زندگی بخشتے ہوئے ان کی تکالیف کو دور کرنا ہے ۔ محترمہ شاہدہ انصاری نے ادارہ سیاست بطور خاص ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب زاہد علی خاں ، مینجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب ظہیر الدین علی خاں ، نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب عامر علی خاں سے اظہار تشکر کیا ۔ جو گذشتہ کئی برسوں سے مفت کیرو پراکٹک میڈیکل کیمپس کے انعقاد میں اپنا بھر پور تعاون پیش کررہے ہیں ۔ چیرمین بورڈ آف نیوٹریشن پالمیر یونیورسٹی پروفیسر معین انصاری نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیرو پراکٹک ڈاکٹرس گذشتہ کئی برسوں سے شہرحیدرآباد کا دورہ کررہے ہیں اور یہاں اپنے ہاتھ کی ٹیکنیک کے ذریعہ مریضوں کی تکالیف کو دور کررہے ہیں اور کہا کہ امریکہ کی کیروپراکٹک ڈاکٹروں کی ٹیم نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا کے مختلف ممالک کا دورہ کرتے ہوئے اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں اور مذکورہ طریقہ علاج عالمی صحت ادارہ (WHO) نے بھی تسلیم کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ سہ روزہ کیرو پراکٹک میڈیکل کیمپ میں امریکہ سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر Prof Dr. Nalhaniel اور Prof Dr. Shanie کے منجملہ 16 ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم کے علاوہ مقامی ڈاکٹرس حصہ لے رہے ہیں۔