عوام کی رقم لوٹنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا : وزیراعظم

کانگریس پر متمول دھوکہ بازوں کی سرپرستی کرنے کا الزام ، مفرور افراد کو جیل میں ڈالنے کا عہد

رنگ پاڑہ (آسام) /27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بنک کا پیسہ ادا نہ کرنے والوں کو وارننگ دیتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے آج کانگریس پر الزام عائد کیا کہ وہ متمول دھوکہ بازوں کی سرپرستی کررہی ہے جو عوام کاپیسہ لوٹ کر فرار ہوچکے ہیں ۔ انہوں نے دعویٰ کے ساتھ کہا کہ ان کی حکومت ایسے بھگوڑوں کو گرفتار کرکے جیل میں ڈالدے گی ۔ بنکوں کو ادا شدنی قرضوں کی وصولی کو یقینی بنایا جائے گا ۔ جن لوگوں نے بنک سے بھاری رقومات بطور قرض حاصل کیا ہے اداکرنے سے بچنے ملک سے فرار ہوئے ہیں ، جیل جانے کا خوف کھاکر یہ لوگ فرار ہوچکے ہیں ۔ وجئے مالیا کیس سے نمٹنے کے مسئلہ پر اپنی حکومت کو تنقیدوں کا سامنا کرنے کے بعد وزیراعظم مودی نے الزام عائد کیا کہ کانگریس نے ہی اپنے دور حکومت میں متمول افراد کے لئے بنکس قائم کئے تھے ۔ ان حکومتوں نے ہی بنکوں کے ذریعہ دولت مند افراد کو پرکشش اسکیمات پیش کیں ۔ آپ جانتے ہیں کہ ان لوگوں نے عوام کی رقومات کو کس اندھادھند طریقہ سے لوٹا ہے ۔ لیکن اب میری حکومت نے ان لٹیروں پر شکنجہ کس لیا ہے اور بنک کو ادا شدنی رقومات کی پابجائی کے لئے کوششوں کا آغاز ہوچکا ہے ۔ یہ لوگ جیل کی سزاء کے خوف سے ملک سے فرار ہوئے ہیں ۔ لیکن میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ کسی کو بھی بخشا نہیں جائے گا ۔ بنکوں سے لوٹی گئی دولت بنکوں کی نہیں ہے بلکہ یہ ملک کے غریب عوام کی پونجی ہے ۔ اس رقم کو ملک کے عوام کے اندر واپس کرنا ہے ۔ ہر ایک فرد کو پائی پائی چکائی جائے گی ۔

وزیراعظم نے اسمبلی انتخابات کی مہم چلاتے ہوئے آسام میں آج دوسرے دن ہی جلسہ عام سے خطاب کیا ۔ مودی نے کہا کہ ان کی حکومت نے کئی مالیاتی پالیسیوں کا آغاز کیا ہے ۔ اس سے درمیانی آدمی کا کوئی رول نہیں رہے گا ۔ ملک کے وقار کو بین الاقوامی سطح پر بلند کرنے میں مدد ملے گی ۔ یہ ملک اب تک ان دلالوں کی جانب سے ہی چلایا جارہا تھا ۔ جب سے مودی نے اقتدار سنبھالا ہے ان دلادلوں کو اپنی دکانیں بند کرنے کے لئے مجبور ہونا پڑا جب ان کی دال نہیں گلنے لگی فوری لوگوں نے مجھ پر لعن طعن شروع کی اور برا بھلا کہا لیکن مودی ان سب سے ڈرنے والا نہیں ہے ۔ اب میری حکومت میں ان دلالوں کے لئے کوئی اچھے دن نہیں آئیں گے ، ان کا مسئلہ میرا ساتھ فطری ہے ۔ ملک کے عوام نے دیکھا ہے کہ ان دلالوں نے غریبوں کو لوٹ کر 60 سال تک خوب مزے کئے ہیں اب ایسا ہرگز نہیں ہوگا ۔ میں نے دلالوں کا راستہ صاف کردیا ہے اب صرف ترقی پر توجہ دی جائے گی ۔ وزیراعظم نے کہا کہ 60 سال کے دوران ملک کی تقریباً 40 فیصد آبادی نے بنکوں کی صورت نہیں دیکھی تھی لیکن میری حکومت کے جن دھن یوجنا نے ملک کے غریبوں کو بنک اکاؤنٹس کھولنے میں مدد کی ہے ۔ اس طرح کی پالیسیوں نے ملک کی ترقی کی راہیں کھول دی ہیں ۔ بین الاقوامی سطح پر ہمارے ملک کا موقف مضبوط ہوا ہے ۔ اب جب میں عالمی قائدین سے ہاتھ ملاتا ہوں تو یہ لوگ مودی سے نہیں بلکہ ملک کے عوام سے راست ہاتھ ملارہے ہیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ آسام کے عوام کو چیف منسٹر ترون گوگوئی پر سے اپنے عقائد ، ایقان اور بھروسہ پر نظرثانی کرنی ہوگی اور گزشتہ 15 سال کے دوران کانگریس پر جتنا بھروسہ کیا تھا اس کا صلہ کچھ نہیں ملا ہے ۔ اب وقت آگیا ہے کہ عوام اس حکومت سے اپنا حساب برابر کرلیں ۔ مرکز اور ریاست دونوں جگہ کانگریس کی حکومت تھی اور اس ریاست سے تعلق رکھنے والے لیڈر نے 10 سال تک وزارت عظمی کی کرسی سنبھالی تھی لیکن ریاست کے عوام کے لئے کچھ نہیں کیا گیا ۔ آنے والا اسمبلی انتخاب آسام کے عوام کو حساب برابر کرنے کا موقع ہے ۔