عوام کیا چاہتے ہیں پارکس اور گراونڈ کے قریب کوڑا کرکٹ کا انبار

جی ایچ ایم سی کی پہلو تہی شہریوں کے لیے مشکلات کا سبب
حیدرآباد ۔ 23 ستمبر ۔ ( سیاست نیوز)شہری پارکس اور گراؤنڈس میں بہتر آب و ہوا اور ورزش وغیرہ کیلئے پہونچتے ہیں تاکہ صحت کی بہتری کو یقینی بنایا جاسکے لیکن   شہر کے مختلف مقامات پر موجود بلدیہ کے پارکس یا گراؤنڈس کے قریب کچرے کی کنڈیوں کی موجودگی ماحول کو صاف و ستھرا بنانے میں سب سے بڑی رکاوٹ بنی ہوئی ہے ۔ چونکہ کچرے کی علی الصبح عدم نکاسی ماحولیاتی آلودگی بالخصوص فضاء میں بدبو پھیلانے کا موجب بنی ہوئی ہوتی ہے جس کی وجہ سے ہلکی پھلکی ورزش اور کھیل کود کی غرض سے پارکس یا گراؤنڈس کا رخ کرنے والے افراد کو شدید مصائب و مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ عموماً شہر حیدرآباد میں صبح کے وقت چہل قدمی کرنے والوں کی تعداد کم ہوا کرتی ہے لیکن گراؤنڈس اور پارکس کے اطراف ماحول میں پیدا ہورہی خرابیاں لوگوں کو گھروں کی حد تک محدود کرنے کاسبب بننے لگی ہیں۔ ڈاکٹرس شہریوں کو یہ مشورہ دے رہے ہیکہ وہ چہل قدمی کو عادت بنالیں لیکن بلدیہ کی جانب سے اختیار کردہ لاپرواہی کے سبب شہری کئی مشکلات کا شکار ہوتے جارہے ہیں ۔ پرانے شہر میں موجود املی بن پارک جہاں پرانے شہر کے عوام کی بڑی تعداد علی الصبح چہل قدمی اور یوگا کیلئے پہونچتی ہے اُنھیں املی بن پارکس سے متصل ڈمپنگ یارڈ کے سبب شدید بدبو اور تعفن کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ اس کے باوجود بھی وہ اس پارک کا رخ کرنے پر مجبور ہیں چونکہ پرانے شہر سے قریب اور کوئی پارک موجود نہیں ہے ۔ عوام چاہتے ہیں کہ املی بن پارک سے متصل ڈمپنگ یارڈ کو شہر کے باہر منتقل کیا جائے چونکہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے اختیار کردہ پالیسی کے مطابق شہر میں ڈمپنگ یارڈ نہیں رکھے جانے چاہئیں جس کی وجہ سے بدبو و تعفن پھیلنے کے علاوہ بیماریوں کے پھیلنے کا بھی خدشہ ہوتا ہے ۔ املی بن پارک سے متصل اس ڈمپنگ یارڈ کی منتقلی کیلئے متعدد مرتبہ نمائندگیاں کی جاچکی ہیں لیکن اس کی منتقلی عمل میں نہیں لائی گئی جس کی وجہ سے املی بن پارک جوکہ ماحولیاتی آلودگی سے پاک تصور کیا جاتا ہے اُس کی اہمیت ختم ہوتی جارہی ہے ۔ اسی طرح پرانے شہر کے اکثر میدانوں کے قریب میں کچراکنڈیاں نصب کی گئی ہیں جوکہ میدانوں میں چہل قدمی اور کھیل کود کے لئے آنے والوں کے حق میں بہتر نہیں ہے ۔ کھیل کود کے میدانوں کے علاوہ پارکس کے قریب کچرہ کنڈیوں کے بجائے چھوٹے کوڑے دان رکھے جائیں تو بہتر ہوگا چونکہ بڑی کچرہ کنڈیا عدم نکاسی کے باعث فضائی آلودگی کا سبب بن رہی ہیںیا پھر جن مقامات پر کچرا کنڈیاں موجود ہیں وہاں سے رات دیر گئے کچرے کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے تاکہ صحت کے متعلق فکرمند افراد جوکہ چہل قدمی و کھیل کود میں دلچسپی رکھتے ہیں انھیں بہتر سہولت کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے ۔